علاقائی پارٹیاں بی جے پی کا مقابلہ کرنے میں ناکام: راہل

ادے پور،  مئی۔کانگریس کے قومی لیڈر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ علاقائی پارٹیاں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور بی جے پی کے نظریے سے لڑنے میں ناکام ہیں اور کہا کہ نوجوانوں کو میدان میں لا کر ملک کو آگ کے خطرے سے بچانا ہوگا۔پارٹی تین روزہ نو سنکلپ شیویر سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے آج کہا کہ علاقائی پارٹیاں بی جے پی کے نظریے کو شکست نہیں دے سکتیں کیونکہ ان کی سوچ مختلف ہے۔ جبکہ کانگریس مرکزی سوچ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ نے اداروں کو تباہ کیا اور تمام اداروں میں اپنے آدمیوں کو بٹھایا جس سے بات چیت کا راستہ ختم ہوگیا۔ کانگریس نے کبھی بھی اداروں کا غلط استعمال نہیں کیا۔ اس کے برعکس آج ملک میں اداروں کے ذریعے نفرت، غصہ اور تشدد پھیلایا جا رہا ہے۔ یہ کام بڑی طاقتوں کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ ہر ادارے سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے حالات سے نمٹنے کے لیے ہمیں بلاک اور ضلعی سطح پر تربیت یافتہ نوجوانوں کو آگے لانا ہوگا۔ اب تنظیم میں ایک خاندان کے پانچ یا چھ افراد نہیں ہوں گے۔ صرف نوجوان پارٹی کی کمان سنبھالیں گے جو بی جے پی اور سنگھ کے نظریے سے لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں عوام کے درمیان جانا ہوگا۔ آج کے حالات سے سخت محنت سے ہی نمٹا جا سکتا ہے، مختصر راستہ اختیار کر کے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ لوگوں کے درمیان رابطہ قائم کیا جائے اور ان کے مسائل کو سمجھا جائے۔ کانگریس نے عوام سے جو رشتہ توڑا تھا اسے دوبارہ جوڑنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں پوری پارٹی عوام میں جائے گی۔ لیڈران اور کارکنان ملک بھر میں سفر کریں گےانہوں نے الزام لگایا کہ ملک میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد بے روزگاری میں اضافہ ہوا اور مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔ کسانوں کے ساتھ بھی ناانصافی ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نے پہلے گندم برآمد کرنے کی بات کی لیکن بعد میں اس پر پابندی لگا دی۔ پنجاب کے کسان اس پابندی سے ہونے والے نقصان کو سمجھ رہے ہیں۔

 

Related Articles