عالیہ بھٹ نے اپنے ہالی ووڈ ڈیبیو کی تصدیق کردی
ممبئی،مارچ۔بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے سوشل میڈیا پر اپنے ہالی ووڈ ڈیبیو کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔عالیہ بھٹ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے ہالی ووڈ ڈیبیو کے بارے میں شائع ہونے والی ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے۔اس اسکرین شاٹ میں لکھا ہوا پڑھا جاسکتا ہے کہ’عالیہ بھٹ جلد ہی اسرائیلی اداکارہ گال گیڈوٹ اور اداکار جمی ڈورنن کے ساتھ انگلش فلم’ ہارٹ آف اسٹون‘ میں اداکاری کرتے ہوئے نظر آئیں گی۔فلم’ہارٹ آف اسٹون‘ کو اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر ریلیز کیا جائے گا۔عالیہ بھٹ کی اس پوسٹ پر ان کے مداحوں اور ساتھی اداکاروں کی جانب سے ان کی اس کامیابی پر مبارکبادیں موصول ہونے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔خیال رہے کہ میڈیا پر کافی عرصے سے عالیہ بھٹ کے بارے میں یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ اداکارہ باقاعدہ ہالی ووڈ میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔ذرائع نے یہ بھی بتایا تھا کہ بہت سے اسکرپٹس دیکھنے کے بعد، عالیہ نے آخر کار ہالی ووڈ میں اپنے پہلے ممکنہ کردارکا انتخاب کر لیا ہے اور 2022 کے آغاز میں وہ باضابطہ طور پر اپنے ہالی ووڈ پراجیکٹ کااعلان کریں گی۔