صفائی ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان بی جے پی کا ایک جملہ: عام آدمی پارٹی

نئی دہلی، فروری ۔عام آدمی پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارپوریشن صفائی عملہ کی ملازمت مستقل کرنے کے اعلان کو جملہ قرار دیا ہے۔عام آدمی پارٹی کے لیڈر درگیش پاٹھک نے پریس کانفرنس میں منگل کو کہا کہ بی جے پی کی دہلی پردیش اکائی کے صدر آدیش گپتا نے کل ایک بار پھر صفائی ملازمین کی ملازمت مستقل کرنے کا اعلان کیا۔ بی جے پی اس طرح کے اعلانات برسوں سے کرتی آرہی ہے لیکن اسے کبھی نافذ نہیں کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کے دوران مرنے والے صفائی ملازمین کے کنبہ کو دس لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا لیکن آج تک انہیں ایک روپیہ نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ صفا ئی ملازمین کی برسوں سے مانگ تھی کہ ان کی ملازمت پکی کردی جائے۔ بی جے پی نے کل اس کا اعلان کیا لیکن سینکڑوں ملازمین نے مجھے فون کیا اور کہاکہ یہ لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔ میں نے حیرانی سے پوچھا کہ کیسے جھوٹ بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ لوگ ہر سال اعلان کرتے ہیں لیکن اسے کبھی نافذ نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013میں یہ اعلان کیا تھا لیکن ملازمت مستقل نہیں کی۔ انہوں نے 2016میں اعلان کیا، 2018, 2020اور 2021میں بھی اعلان کیا تھا لیکن اسے کبھی نافذ نہیں کیا۔ صفائی ملازم وہ ہیں جو دہلی کو صاف رکھنے کی سب سے اہم لڑائی لڑتے ہیں۔ انہیں عزت و احترام چاہئے۔ تقریباّ 25برسوں سے کوئی 30برسوں سے تو کوئی 40برسوں سے مستقل ملازمت کی مانگ کررہے ہیں۔مسٹر پاٹھک نے کہاکہ پندرہ دن پہلے بجٹ پیش کیا گیا۔ پورے سال کا بجٹ تجاویز آئی جس سے ہماری کونسلر، ایل او پی اور رکن اسمبلی تمام پوچھتے رہے کہ صفائی ملازمین کو مستقل کرنے کی تجویز بجٹ میں کیوں نہیں ہے۔ آپ نے ان کے لئے بجٹ کیوں نہیں مختص کیا ہے لیکن بی جے پی کے لوگوں نے اس پر کوئی جواب نہیں دیا۔ اچانک کل انہیں لگا کہ الیکشن قریب ہیں اب تو یہ بھاری پڑ جائے گا۔ انتخابی تشہیر کیسے کریں گے، صفائی ملازمین کے درمیان کیسے جائیں گے تو یہ لوگ ایک جملہ لیکر آجاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں آدیش گپتا اور بی جے پی کے لیڈروں سے کہنا چاہتا ہوں کہ اب آپ کا وقت ختم ہوچکا ہے۔ آپ نے جو قہر دہلی پر برپا کیا ہے۔ دہلی پر بدعنوانی کی جو آندھی چلائی ہے، وہ اب ختم ہونے والی ہے۔ اس بار دہلی والے ہر وارڈ میں آپ کی ضمانت ضبط کریں گے۔ ہر گلی، ہربوتھ میں آپ کی ضمانت ضبط ہوگی۔

Related Articles