صدر بائیڈن کی یوکرین کے لیے تینتیس بلین ڈالر کی مدد کی درخواست
واشنگٹن،اپریل۔امریکی صدر بائیڈن نے کانگریس کو یوکرین کی جنگ کے تناظر میں تینتیس بلین ڈالر کی نئی فنڈنگ کی درخواست کر دی ہے۔ ایک اعلیٰ امریکی اہلکار کے مطابق ان میں سے بیس بلین ڈالر یوکرین کے لیے فوجی اور سکیورٹی امداد کے لیے ہوں گے۔واشنگٹن سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے جمعرات اٹھائیس اپریل کی سہ پہر بتایا کہ صدر بائیڈن نے امریکی کانگریس کو اتنی خطیر رقوم کی درخواست اس لیے کی ہے کہ روس کے خلاف جنگ کے پس منظر میں یوکرینی حکومت اور عوام کی عسکری، سکیورٹی اور انسانی حوالوں سے زیادہ بہتر مدد کی جا سکے۔اس اہلکار نے بتایا، ”ان 33 بلین ڈالر میں سے 20 بلین ڈالر یوکرین کے لیے عسکری مقاصد کے تحت ہتھیاروں، گولہ بارود اور سکیورٹی کے حوالے سے امداد کے لیے خرچ کیے جائیں گے، تاکہ کییف کی اس جنگ میں مؤثر مدد کی جا سکے۔‘‘اس کے علاوہ انہی 33 بلین ڈالرز میں سے بائیڈن انتظامیہ 8.5 بلین ڈالر اقتصادی امداد کے طور پر مہیا کرنا چاہتی ہے تاکہ کییف حکومت اور عوام کی انہیں درپیش داخلی معاشی بحران سے نکلنے میں مدد کی جا سکے۔ اس کے علاوہ تین بلین ڈالر انسانی بنیادوں پر امداد کے لیے بھی مہیا کیے جائیں گے۔