شیئر بازار میں اچھال ، سینسیکس اور نفٹی میں تیزی
ممبئی، مارچ۔ ملکی سطح پر بینکنگ، فائنانس، آئی ٹی اور ٹیک گروپ کمپنیوں میں خریداری کی بدولت شیئربازار میں آج مسلسل چوتھے دن تیزی رہی اور اس دوران سینسیکس میں ڈیڑھ فیصد اور نفٹی میں سوا فیصد سے زائد کا اضافہ درج کیا گیا۔ اس تیزی میں سرمایہ کاروں نے 1.42 لاکھ کروڑ روپے کمائے۔بی ایس ای کا 30 شیئروالا انڈیکس سینسیکس 935.72 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 56 ہزار پوائنٹس کو عبور کرکے 56486.02 پر اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 240.85 پوائنٹس بڑھ کر 16871.85 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ بڑی کمپنیوں کے مقابلے میں چھوٹی اور درمیانی درجہ کی کمپنیوں میں خریداری سست رہی جس کی وجہ سے بی ایس ای مڈ کیپ 0.02 فیصد بڑھ کر 23314.28 پوائنٹس اور اسمال کیپ 0.31 فیصد بڑھ کر 27226.34 پوائنٹس پررہا۔ بی ایس ای میں شامل زیادہ تر گروپ میں تیزی رہی ، جن میں بینکنگ 2.31 فیصد، آئی ٹی 2.16 فیصد، ٹیک 2.15 فیصد اور فائنانس 1.80 فیصدہے۔ گراوٹ میں رہنے والوں میں رئیلٹی 1.73 فیصد، پاور 0.60 فیصد، آئل اینڈ گیس 0.85 فیصد، میٹلز 0.40 فیصد، یوٹیلٹی 0.56 فیصد اور ہیلتھ کیئر 0.31 فیصد شامل ہیں۔بی ایس ای پر کل 3612 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 1749 میں سبقت اور 1725 میں گراوٹ جبکہ 138 میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔