شکھر دھون: ہندوستانی ٹیم کا ’’گبر‘‘

نئی دہلی، دسمبر۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں’’ گبر ‘‘کے نام سے معروف شکھردھون بائیں ہاتھ کے سلامی جارح بلے باز ہیں جبکہ دائیں ہاتھ سے گیند بازی کرنے کا ہنر بھی رکھتےہیں۔ اس کھلاڑی نے اپنے بل بوتے پر بہترین بلے کرکے ہندستان کی جھولی میں کئی ایسے میچ ڈالے ہیں،جہاں ہندستان بحران کا شکار تھا۔ اپنی دمدار اور جارح بلے بازی کی وجہ سے ان کا شمار دنیا کے بہترین سلامی بلے بازوں میں کیا جاتا ہے۔شکھردھون 5 دسمبر 1985 کو ایک پنجابی ہندو گھرانے میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی اسکولی تعلیم دہلی کے پچھم وہار کے سینٹ مارکس سینئر سیکنڈری پبلک اسکول سے مکمل کی۔کرکٹ کا شوق نوعمری میں ہی ہوگیا تھا۔ ایک روز اپنے کزن کو سونیٹ کلب کے لیے کھیلتے دیکھ کر ان کے اندر کرکٹ کا جذبہ پیدا ہوگیا۔ جس کے بعد ان کے والدین نے دھون کو 12 سال کی عمر میں سونیٹ کلب میں داخل کرایا۔ کوچ تارک سنہا نے انہیں کرکٹ کی تربیت دینی شروع کی۔ ابتدائی دور میں وہ کلب میں وکٹ کیپر کی حیثیت سے کھیلتے رہے لیکن بعد میں انہوں نےبلے بازی کی جانب زیادہ توجہ دی ۔ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے دوران اکثر سلیکٹرز کی طرف سے انہیں نظر انداز کیا جاتا تھا۔ اس عدم توجہی کے سبب وہ کافی مایوس ہوگئے اور انہوں نے ایک مرتبہ تو کرکٹ کھیلنے کا اپنا ارادہ تک ترک کردیا تھا۔ لیکن کچھ وقت گذرنے کے بعد انہوں نے اپنے کھیل کے اندر بہتری لاکر سب کو خوش کردیا ۔ اس کے بعد سے انہوں نے ایک اچھا کرکٹر بننے کے لیے سخت مشقت کی۔پھر اپنے کھیل کا بہترین مظاہرہ پیش کرتے ہوئے کلب کے لیے انڈر 15 ٹورنامنٹ میں سنچری بنائی۔پھر دھون کے کھیل میں مسلسل سدھار ہوتا رہا جس سے سلیکٹر کی توجہ ان کی طرف زیادہ ہونے لگی۔ انہیں پہلی مرتبہ سال 1999 میں وجے مرچنٹ ٹرافی میں دہلی کے لیے کھیلنے کا موقع ملا۔ وہ وجے مرچنٹ ٹرافی میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی رہے۔ اس سیریز میں دہلی رنر اپ رہا۔ دھون نے اپنی شاندار بلے بازی کا نمونہ پیش کیا اور 9 اننگز میں 83.88 کی اوسط سے دو سنچریوں کی مدد سے 755 رن بنائے۔دہلی کے لیے ان کی شاندار کارکردگی نے انھیں 2000 میں انڈر 17 ایشیا کپ کے لیے ہندوستان کے انڈر 17 اسکواڈ میں منتخب کیا۔ اس کے بعد دھون کو بنگلہ دیش میں 2004 کے انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیےبھی منتخب کیا گیا جس میں وہ سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی کے طور پر ابھرے۔ انہوں نے 7 اننگز میں 505 رنز بنائے۔ یہ اب بھی کسی ایک ٹورنامنٹ کا ریکارڈ ہے۔ شکھردھون ایک ہندوستانی کرکٹر ہے جو بین الاقوامی کرکٹ میں ہندوستان کے لئے اور گھریلو کرکٹ میں دہلی کے لئے کھیلتا ہے۔دھون نے اکتوبر 2010 میں وشاکھاپٹنم میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا۔ ان کا ٹیسٹ ڈیبیو مارچ 2013 میں اسی ٹیم کے خلاف موہالی میں ہوا، جہاں انہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو پر کسی بھی بلے باز کی تیز ترین سنچری بنائی اور 174 گیندوں پر 187 رنز بنا کر اپنی اننگز کا خاتمہ کیا۔اپنی اسٹائلش بلے بازی کے علاوہ وہ اپنی اسٹائلش مونچھوں اور ہیئر اسٹائل کے لیے بھی جانے جانے لگے۔ اس کے دوست احباب انہیں پیار سے ’’گبر‘‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کے علاوہ شکھرآئی پی ایل میں دہلی کیپٹلس کے لیے کھیلتے ہیں۔

Related Articles