شکست کے باوجود لارا نٹراجن سے متاثرہوئے
حیدرآباد، مارچ۔ سن رائزرس حیدرآباد کے ہیڈ کوچ برائن لارا انڈین پریمیئر لیگ کے پہلے میچ میں راجستھان رائلز کے ہاتھوں 72 رنز کی شکست کے باوجود تیز گیند باز ٹی نٹراجن کی کارکردگی سے متاثر ہوئے ہیں۔چوٹ کی وجہ سے طویل عرصے کے بعد پچ پر واپس آنے والے نٹراجن نے بھلے ہی اتوار کو اپنے پہلے اوور میں 17 رنز دیے ہوں، لیکن اس کے بعد انہوں نے زبردست واپسی کی اور اگلے تین اووروں میں 23 رنز دے کر دو وکٹ لیے۔لارا نے کہا، ’’اب وہ انجری سے واپس آچکے ہیں اور وہ ایک تجربہ کار بولر ہیں۔ پہلے اوور کے بعد انہوں نے جس طرح سے واپسی کی وہ شاندار تھا۔ گیند بازوں نے آخری آٹھ اوورز میں اچھی کارکردگی دکھائی۔ ایک وقت پر راجستھان 225 تک بھی پہنچ سکتا تھا لیکن ہمارے گیند بازوں نے انہیں روک لیا۔ یہ مثبت علامات ہیں۔ ہم یہاں سے بہتری لا سکتے ہیں۔”نوجوان گیند بازوں کی قابل ستائش کارکردگی کے علاوہ آئی پی ایل کا پہلا میچ سن رائزرز کے لیے اچھا نہیں رہا۔ راجستھان نے ٹاس ہار کر بلے بازی کرتے ہوئے 203 رن کا اسکور کھڑا کرنے کے بعد میزبان ٹیم کو 20 اوور میں صرف 131 رن بنانے دیا۔ تاہم لارا نے پہلے بولنگ کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا۔انہوں نے کہا، ’’دراصل ہم نے پچ کے ساتھ بہت سارے پریکٹس سیشن کھیلے اور ہم نے یہ محسوس کیا کہ گیندوں کو پچ پر کافی اچھال مل رہا ہے۔ جب ہم نے آج کی پچ دیکھی تو ہم نے سوچا کہ یہ اچھی وکٹ ہے اور یہ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ تھا۔ ہم نے ٹیم کیمپ میں محسوس کیاتھا کہ گیندبازی ہمارا مضبوط ڈپارٹمنٹ ہے، اس لیے ہم ان پر جلد دباؤ ڈالنا چاہتے تھے۔”ہدف کے تعاقب میں سن رائزرز کو پہلے ہی اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے دو جھٹکے دئے۔ پاور پلے میں میزبان ٹیم صرف 30 رنز ہی جوڑ سکی جس سے ابھرنا ان کے لیے ممکن نہیں تھا۔لارا نے کہا، ’’ہمیں ابتدائی اوورز میں جس طرح بولنگ کرنی چاہیے تھی وہ نہیں کر سکے۔ کھلاڑیوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اس میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔ اگر آپ میچ کو دو حصوں میں تقسیم کریں تو آپ دیکھیں گے کہ جب ہمارے ہاتھ میں گیند تھی، تب ہم نے پاور پلے میں میچ کو ہاتھ سے نکلنے دیا۔ جب ہم بیٹنگ کر رہے تھے تو وکٹیں گنوانے کی وجہ سے ہم پاور پلے میں ہی ہار گئے۔ جب آپ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں گنوا دیتے ہیں تو پھر صورتحال مشکل ہو جاتی ہے۔