شفاف توانائی کے شعبے میں نئے اختیارات تلاش کرنے کی ضرورت : مودی

نئی دہلی،  مارچ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پائیدار ترقی کے لیے توانائی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں ماحولیات کو متوازن رکھنے کی بھی کوشش کرکے شمسی توانائی جیسے آپشن پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔مسٹر مودی نے جمعہ کو یہاں ’توانائی کے شعبے میں پائیدار ترقی‘ کے موضوع پر ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی سوچ واضح ہے کہ پائیدار ترقی پائیدار توانائی سے ہی ممکن ہے، لیکن توانائی کے متبادل شعبوں میں خصوصی کام کرنے کی ضرورت ہے تا کہ ماحولیات کو متوازن رکھنے میں مدد مل سکے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان شمسی توانائی میں بین الاقوامی فورم کی قیادت کر رہا ہے اور پوری دنیا میں صاف توانائی کو فروغ دینے کے عزم کو آگے بڑھا رہا ہے۔ اس کے لیے بنیادی سطح پر کام جاری ہے اور بجٹ میں بیٹری کی کارکردگی جیسے موضوعات کو اہمیت دی گئی ہے۔ اس کا مقصد جہاں زیادہ بجلی بچت کی ضرورت ہے‘ وہاں بجلی کی بچت کو اہمیت ملے اور صاف توانائی کے استعمال کو اس مشن کے ساتھ آگے بڑھایا جا سکے۔مسٹر مودی نے کہا کہ ہندوستان صاف توانائی کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں ایل ای ڈی بلب 400 روپے میں دستیاب تھے لیکن ان کی حکومت نے اس طرف توجہ دی جس کی وجہ سے اب مارکیٹ میں ایل ای ڈی بلب 70 سے 80 روپے میں دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اس ایک اسکیم سے صاف توانائی کو فروغ ملا ہے اور ماحولیاتی تحفظ کی سمت میں اہم پہل ہوئی ہے۔ اس سے ملک کی 48000 میگاواٹ بجلی کی بچت ہوئی جس کے نتیجے میں 20000 کروڑ روپے کی سالانہ بچت ہوئی ہے۔ اس طرح سے کاربن اخراج کم کیا جا سکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ لائٹ میں بھی میونسپلٹیز کو اس طرح کے بلب کے استعمال سے 6000 کروڑ روپیے کا فائدہ ہوا ہے اور کاربن اخراج میں 2500000 ٹن کی تخفیف کی گئی ہے۔

Related Articles