سوریہ کمار ایک سال میں ہندوستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بنے

ترواننت پورم، ستمبر۔ہندوستان کے جارح بلے باز سوریہ کمار یادو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ہندوستان کے لئے ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ سوریہ کمار نے بدھ کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے اس سال 40.66 کی اوسط اور 180.29 کے اسٹرائیک ریٹ سے 732 رنز بنا کر شکھر دھون (2018) کے 689 رنز کے ریکارڈکو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سوریہ کمار نے کل جنوبی افریقہ کے خلاف 33 گیندوں پر ناٹ آوٹ 50 رنز کی اننگز کھیلی اور تین اوور باقی رہتے ہندوستان کو ہدف تک پہنچایا۔ انہوں نے اننگز کے آغاز میں ہی دو چھکے لگاکر پاکستان کے محمد رضوان کے ریکارڈ کو توڑتے ہوئے ایک سال میں ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سب سےزیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ رضوان نے 2021 میں 42 چھکے لگائے تھے جب کہ 2022 میں ابتک سوریہ کمار 45 چھکے لگاچکےہیں۔

 

Related Articles