سندھو امپائر کے سامنے اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکیں

منیلا، مئی۔دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی ہندوستان کی پی وی سندھو ہفتہ کوبیڈمنٹن ایشیا چمپئن شپ (بی اے سی) کے سیمی فائنل میچ میں غلط فیصلہ دینے پر چیئر امپائر اور ریفری کے خلاف اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکیں۔ سیمی فائنل مقابلے میں سندھو کو موجودہ عالمی چیمپئن جاپان کی اکانے یاماگوچی سے 13-21، 21-19، 21-16سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طرح ہندوستانی کھلاڑی نے کانس کے تمغے کے ساتھ اپنی مہم کا خاتمہ کیا۔ ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی ایک گیم سے آگے تھی اور دوسرے گیم میں وہ 11-14 سے آگے چل رہی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سندھو نے سروس کرنے میں بہت زیادہ وقت لیا، جس کے بعد انہیں ایک پوائنٹ کی سزا کا سامنا کرنا پڑا۔ امپائر کی کال پر سندھو کی چیئر امپائر کے ساتھ کہا سنی ہوگئی، ان کا کہنا تھا کہ ان کی حریف سروس کے لیے تیار نہیں تھی، لیکن امپائر اور ریفری نے ان کی بات تسلیم نہیں کی۔ اس واقعے کے بعد سندھو اپنی رفتار جاری نہ رکھ سکیں جس کا فائدہ اکانے کو ہوا اور میچ فیصلہ کن مرحلہ میں چلا گیا اور اس طرح سندھو کی مہم رک گئی۔ میچ کے بعد سندھو اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکیں اور کہا کہ ’امپائر نے مجھ سے کہا کہ آپ نے بہت وقت لیا ہے لیکن اس وقت مخالف کھلاڑی تیار نہیں تھی۔ حالانکہ امپائر نے انہیں پوائنٹ دیا جو کہ بالکل غلط تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ ان کے ہارنے کی اصل وجہ یہی ہے۔ انہوں نے کہا، “میں نے اس کے بارے میں چیف ریفری کو بتایا لیکن انہوں نے کہا کہ یہ پہلے ہی ہو چکا ہے۔ چیف ریفری کی حیثیت سے انہیں کم از کم ایک بار اس غلطی کا نوٹس لینا چاہیے تھا۔‘‘ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں سندھو ایوارڈ کی تقسیم میں غیر حاضر نظر آئیں اور نیٹ صارفین یہ قیاس کررہے ہیں کہ سندھو نے تقریب کا بائیکاٹ کیا ہے۔

 

Related Articles