سندر لال پٹوا کا مجسمہ بھوپال میں نصب کیا جائے گا:شیوراج
بھوپال، نومبر۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی سندر لال پٹوا کے یوم پیدائش پر اعلان کیا ہے کہ بھوپال میں مسٹر پٹوا کا مجسمہ نصب کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ چوہان نے ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ سندر لال پٹوا کے یوم پیدائش پراپنی رہائش گاہ پر واقع آڈیٹوریم میں مسٹر پٹوا کی تصویر پر پھول چڑھائے اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر چوہان نے انھیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی مسٹر پٹوا کے بغیر مدھیہ پردیش کی سیاست کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ تقریباً نصف دہائی تک وہ مدھیہ پردیش کی سیاست کے مرکز میں رہے۔ ان کی تنظیم سازی کی صلاحیت اور ان کے انداز بیان کا سبھی احترام کرتے تھے۔ سیاسی اور جماعتی سرحدوں سے اوپر اٹھ کر عزت و احترام حاصل کیا۔مسٹر چوہان نے کہا کہ ہم تنظیم کو لوگوں تک لے جانے میں مسٹر پٹوا کے تعاون کو نہیں بھول سکتے۔ انہوں نے مجھ جیسے کارکن کو تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مدھیہ پردیش کی ترقی اورعوامی کی ترقیاتی کاموں میں غیرمعمولی حصہ داری کی۔ انہوں نے ہی پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا کا تصور کیا تھا۔ انہوں نے ریاست کے لوگوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے کاموں میں انمول تعاون کیا۔ لوگوں کے دلوں پر راج کرتے تھے۔ میں اپنی اور ریاست کے لوگوں کی طرف سے ان کے قدموں میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔