سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ میں ترک حکام کی ملاقات

جدہ،ستمبر۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اتوارکے روز جدہ کے السلام پیلس میں ترکی کے صدارتی ترجمان ڈاکٹرابراہیم قالن اور وزیر خزانہ نورالدین نباطی نے ملاقات کی ہے۔انھوں نے ترک صدررجب طیب ایردوآن کی جانب سے شاہ سلمان اور ولی عہد کو سعودی عرب کے بانویں قومی دن کے موقع پرمبارک باد پیش کی۔ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق ترک حکومت کے عہدے داروں نے سعودی ولی عہد کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلووں ،باہمی دلچسپی کے علاقائی اورعالمی اموراور دوطرفہ تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ملاقات میں سعودی عرب کے وزیرمملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیرمساعد بن محمد العیبان ،وزیرمملکت اورکابینہ کے رکن محمدآل شیخ اور وزیرخزانہ محمد الجدعان بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ جون میں ولی عہد کے دورۂ ترکی کے اختتام پردونوں ملکوں کے درمیان’’تعاون کے نئے دور‘‘کے آغازکے عزم کا اعلان کیا تھا۔انھوں نے ترک صدر کے ساتھ ملاقات میں توانائی، دفاع اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعلقات کے فروغ کے لیے کام کرنے پراتفاق کیا تھا۔

Related Articles