سعودی عرب: عمرے کے لیے اب موبائل سے بائیو میٹرک تصدیق اور ویزا کا حصول ممکن

ریاض،دسمبر۔سعودی عرب کی وزارت برائے حج اور عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ پانچ ممالک سے آنے والے عازمین کو عمرہ ویزا حاصل کرنے کے لیے اپنا بائیو میٹرک ڈیٹا مہیا کرنا ہو گا، جس میں انگلیوں کے نشانات بھی شامل ہیں۔خلیجی اخبار گلف نیوز کے مطابق سعودی حکام نے ان ممالک میں برطانیہ، تیونس، کویت، بنگلہ دیش اور ملائیشیا کو شامل کیا ہے۔رپورٹس کے مطابق عمرے کی ادائیگی کرنے والے عازمین سعودی ویزا ایپ کے ذریعے ویزہ حاصل کر سکیں گے، جس کے ذریعے وہ بائیو میٹرک اور سیلفی بائیو میٹرک کرائیں گے۔سعودی حکومت نے گزشتہ سال کے اختتام پر اعلان کیا تھا کہ موبائل فون کے ذریعے بائیو میٹرک کا عمل مکمل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تا کہ مکہ آنے والے زائرین کو ویزا سینٹر نہ جانا پڑے۔اس اقدام سے سعودی عرب دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جو موبائل فون کے ذریعے حاصل کردہ بائیو میٹرکس قبول کرے گا۔بائیو میٹرک رجسٹریشن کے لیے صارف کو پہلے سعودی ویزا ایپ اپنے موبائل پر ڈاؤن لوڈ کرنا پڑے گی۔اس کے بعد صارف ویزے کی قسم، پاسپورٹ کی تفصیلات، فون کے ذریعے لی گئی اپنی تصویر کو پاسپورٹ کی تصویر کے ساتھ میچ اور اپنی تمام 10 انگلیوں کو موبائل کے کیمرے کے ذریعے اسکین کریگا۔اس سے قبل رواں سال فروری میں سعودی عرب نے خصوصی چِپ والا الیکٹرک پاسپورٹ جاری کیا تھا۔ جس میں زائرین کا بائیو میٹرک ڈیٹا محفوظ کرنے کی صلاحیت تھی، جسے تصدیق کے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

Related Articles