سدرشن اور شنکر کی جارحانہ بلے بازی سے گجرات نے کے کے آر کے خلاف 204 رن بنائے

احمد آباد، اپریل۔گجرات ٹائٹنس نے وجے شنکر (63 ناٹ آؤٹ) اور سائی سدرشن (53) کی جارحانہ نصف سنچریوں کی بدولت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اتوار کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے خلاف 205 رن کا مضبوط ہدف رکھا۔سائی سدرشن نے مڈل اوور ز میں شاندار حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں سمیت 53 رنز بنائے۔ شنکر نے 24 گیندوں پر چار چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 63 رنز بنائے اور گجرات کو آئی پی ایل کے سب سے بڑے اسکور تک پہنچا دیا۔گجرات نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا اور ریدھیمان ساہا (17) شبمن گل کے ساتھ 33 رنز کی شراکت داری کے بعد آؤٹ ہوئے۔نارائن کو پہلی کامیابی ملنے کے بعد، کپتان نتیش رانا نے اسپنرز کو دونوں سروں سے بولنگ کرنے کے لیے دیا لیکن گِل اور سدرشن نے گجرات کی اننگز کو سنبھالا۔ گل نے اسپنرز کی گیندوں پر شاندار چوکے لگائے ۔ گل اور سدرشن نے دوسری وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت داری کی۔نارائن نے بالآخر گِل کو آؤٹ کر کےاس شراکت کا خاتمہ کیا۔ گل نے 31 گیندوں پر 39 رنز بنائے جس میں پانچ چوکے شامل تھے۔ گل کے بعد ابھینو منوہر بھی 14 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور گجرات کی اننگز کسی حد تک سست پڑ گئی۔سدرشن کچھ ہی دیر میں 36 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ گجرات 18 اووروں میں صرف 159 رنز ہی بنا سکی، لیکن شنکر نے آخری دو اووروں میں جارحانہ بلے بازی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 200 کے قریب پہنچا دیا۔شنکر نے 19ویں اوور میں لوکی فرگوسن کی گیندوں پر ایک چوکا اور دو چھکے لگائے، جب کہ 20ویں اوور میں شاردل ٹھاکر کی گیندپر چھکا لگا کر 21 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے شاردل کی گیندوں پر مزید دو چھکے مار کر گجرات کو 20 اوور میں 204/4 تک پہنچا دیا۔ کے کے آر کے لیے نارائن نے چار اوور میں 33 رن دے کر تین وکٹ لئے، جبکہ سویش شرما نے چار اوور میں 35 رن پر ایک وکٹ لیا۔ شاردل ٹھاکر تین اوورز میں 40 رنز دے کر ٹیم کے مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے۔

Related Articles