زمبابوے کے کوچ نے گراؤنڈ گیلا ہونے کے باوجود کھیل جاری رکھنے پر امپائرز کو سنادیں

ہوبارٹ،اکتوبر۔زمبابوے کے کوچ نے بارش کے بعد گراؤنڈ گیلا ہونے کے باوجود میچ جاری رکھنے پر امپائرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔زمبابوے کے بولرز اور فیلڈرز نے بارش کے باعث گراؤنڈ گیلا ہونے کی وجہ سے کئی بار ناخوشگواری کا اظہار کیا لیکن اس کے باوجود امپائرز نے کھیل کو جاری رکھا۔بارش کے باعث پچ گیلی ہونے کی وجہ سے زمبابوے کے فاسٹ بولر رچرڈ نگراوا پچ پر سلپ بھی ہوئے جس کے بعد وہ گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے۔زمبابوے کے کوچ ہاگٹن نے گراؤنڈ گیلا ہونے کے باوجود کھیل جاری رکھنے پر پریس کانفرنس کے دوران امپائرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں اگر درست طریقے سے دیکھا جائے تو ہمیں اس صورتحال میں بولنگ نہیں کرنا چاہیے تھی۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں امپائرز وہ شخصیات تھے جنہوں نے اسٹیڈیم کو کھیل کے لیے فٹ قرار دیا اور میچ جاری رکھنے کا کہا، میں جس سے اتفاق نہیں کرتا۔پچ پر سلپ ہونے والے بولر سے متعلق کوچ نے بتایا کہ وہ چینجنگ روم میں آئس باتھ کے ساتھ لیٹا ہوا ہے، اس کی ایڑھی میں کھچاؤ ہے اور ظاہر ہے اس موقع پر ہم یہ سب ہونے پر کوئی خوش نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اکثر شام اور راتوں میں بہت زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، زمبابوے نے جب کھیل شروع کیا تو گراؤنڈ گیلا تھا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے کنڈیشن بہت مختلف تھی، اسپنرز کی گیند پکڑنے کے لیے کھڑے کیپر کے پاؤں سلپ ہورہے تھے کیونکہ گراؤنڈ بہت گیلا تھا اس لیے میں نہیں سمجھتا یہ سب کنڈیشن کھیل کے لیے مناسب تھیں۔واضح رہیکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں زمبابوے اور جنوبی افریقا کے درمیان 25 اکتوبر کو ہوبارٹ میں کھیلا گیا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔

Related Articles