زائرین اور نمازیوں کی مسجد نبویؐ میں آمد ورفت کے لیے 60 راستے مختص

مدینہ،مارچ۔سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے نمازیوں اور زائرین کی مسجد نبویؐ میں رسائی آسان بنانے، نمازیوں کو عبادت کے لیے پرسکون ماحول کی فراہمی اور زائرین کی حفاظت و سلامتی کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ان منظم تنظیمی کوششوں کے ساتھ چند گھنٹوں میں لاکھوں نمازی مسجد نبویؐ میں جمع ہو جاتے ہیں۔ نمازیوں کو جمع کرنے کے لیے 60 اہم اور ثانوی راہداریاں مختص کی گئی ہیں۔ ان راہ داریوں کا مقصد مسجد نبوی میں زائرین اور نمازیوں کے داخلے کو آسان بنانا، ان کی حفاظت کا خیال رکھنا، ہجوم اور بھگدڑ کو روکنا، پرانی مسجد میں نماز کے لیے مختص جگہوں پر زائرین کو تقسیم کرنا، مسجد نبوی میں مردوں اور خواتین کے لیے مختص مقامات اور صحن میں نمازیوں کی نگرانی کرنا ہے۔مسجد نبوی کے امور کی نگران جنرل پریزیڈنسی دوسرے ذمہ دار سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر مسجد نبوی میں زائرین اور نمازیوں کی آمد ورفت کے پروگرام کے مطابق انہیں عبادت لیے پرسکون ماحول فراہم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔صدارت عامہ کی بھیڑ کنٹرول کرنے کی ذمہ داری ایجنسی مسجد نبوی کے صحنوں میں نمازیوں اور زائرین کو جائے مصلی تک پہنچنے کی رہنمائی کرتی ہے اور اندرونی اور بیرونی راہداریوں اور مسجد نبوی کی چھت پر نماز کو ترتیب دینے کے لیے نمازیوں کو سہولیات فراہم کرتی ہے۔ ان سہولیات میں مسجد نبوی میں زائرین کے لیے 60 رہ داریاں قائم کی گئی ہیں۔ ان میں 38 مرکزی راہ داریاں، 14 ذیلی راہ داریاں اور 8 ہنگامی راستے ہیں۔مسجد نبوی میں زائرین کی عبادت کے پروگرام میں روضہ رسول ؐ اور برگزیدہ صحابی ابوبکر اور عمر رضوان اللہ علیھما کے آخری آرام گاہوں کی زیارت اور روضہ رسول ؐ پر نوافل نماز کی ادائی کے اوقات کا انتظام بھی شامل ہے۔

Related Articles