ریلائنس ریٹیل کا ڈنزوکمپنی میں 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

نئی دہلی،جنوری،ملک کے مشہورو معروف صنعتکار مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس ریٹیل نے ہندوستان کی معتبر کوئک کامرس کمپنی ڈنزو میں 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اس سرمایہ کاری سے خردہ شعبہ میں ریلائنس ریٹیل کی گرفت مزیدمستحکم ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ریلائنس ریٹیل اب اس کمپنی میں 25.8فی صدحصص کا مالک ہوگا۔ اس سرمایہ کاری سے ڈنزو کمپنی کومجموعی طور پر24کروڑ ڈالرحاصل ہوں گے۔اس مفاہمت پر اظہار خیال کرتے ہوئے ریلائنس ریٹیل وینچرز لمیٹڈ کی ڈائرکٹر ایشاامبانی نے کہا کہ ہم آن لائن کھپت کے طریقہ کار میں تبدیلی دیکھ رہے ہیں اور ڈنزو کمپنی نے اس شعبے میں ہمیں کافی متاثر کیا ہے۔ ڈنزو کے ساتھ اشتراک سے ریلائنس ریٹیل کے صارفین کو زیادہ سہولت فراہم ہوگی نیز ریلائنس ریٹیل اسٹوروں سے مصنوعات کی تیز تر فراہمی کے ساتھ ساتھ صارفین کو منفرد تجربہ بھی حاصل ہوگا۔ ہمارے ساتھ وابستہ تاجروں کو بھی ڈنزوکے ہائپر لوکل ڈیلیوری نیٹ ورک سے مدد ملے گی۔اس موقع پر ڈنزو کمپنی کے سی ای او اورشریک بانی کبیر بسواس نے کہا کہ ابتداء سے ہی ہم نے صارفین کو بے مثل تجربہ فراہم کرنے کی کوشش کی ہے اور یہ فنڈنگ راؤنڈ ہمارے وژن کے مستند ہونے کی بڑی دلیل ہے۔اس سرمایہ کاری کے ساتھ ریلائنس ریٹیل ہمارا طویل مدتی پارٹنر ہوگا جس کے ساتھ ہم تیزی سے ترقی کی منزلیں طے کرسکتے ہیں۔اس سرمایہ سے ڈنزوکمپنی چھوٹے گوداموں کا ایک نیٹ ورک بنائے گی تاکہ سامانوں کی نقل و حمل کو یقینی بنایا جائے اور ساتھ ہی ساتھ کمپنی B2B کاروبار کوبھی توسیع دی جائے۔ کمپنی کی خدمات فی الحال 7 میٹرو شہروں میں دستیاب ہیں جنہیں جلد ہی 15 شہروں تک وسعت دی جائے گی۔ 50 بلین امریکی ڈالر کی کوئک کامرس کیٹگری ڈنزومارکیٹ میں قائدانہ رول ادا کررہی ہے۔ حال ہی میں کمپنی نے بنگلور میں اپنی خدمات شروع کی ہیں۔ کمپنی کی توجہ اس بات پر ہے کہ وہ پندرہ سے بیس منٹ کے اندر پھلوں اور سبزیوں کو صارفین تک پہنچادے۔اس فنڈنگ کے علاوہ ڈنزواورریلائنس ریٹیل کے مابین چند تجارتی اشتراک بھی ہوگا۔ ڈنزکمپنی ریلائنس ریٹیل اسٹوروں کو ہائپرلوکل لاجسٹکس بھی فراہم کرے گی۔ ساتھ ہی جیومارٹ کے مرچنٹ نیٹ ورک کے لیے لاسٹ مائل ڈیلیوری کی سہولت بھی دے گی۔

 

Related Articles