ریان کیمبل کی حالت مستحکم، کوما سے باہر آئے

لندن، اپریل۔ ہالینڈ کے کوچ ریان کیمبل جو دل کا دورہ پڑنے سے کوما میں چلے گئے تھے، اب ان کی حالت مستحکم ہے۔ وہ بے ہوشی کی حالت سے نکل آئے ہیں۔ کیمپبل کے اہل خانہ نے اتوار کو کیمبل کی صحت سے متعلق یہ اطلاع آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن کے ذریعہ شیئر کیں۔کیمبل کو گزشتہ ہفتے کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد وہ کوما میں چلے گئے تھے۔ انہیں برطانیہ کے ایک اسپتال میں آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔ جہاں وہ مسلسل ڈاکٹروں کی نگرانی میں تھے۔ چار دن بعد کیمبل کے بھائی مارک کیمبل نے اطلاع دی کہ ریان کوما سے باہر آ گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہمارے خاندان کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ رائل اسٹوک یونیورسٹی ہسپتال کے عملے کی انتھک محنت کی وجہ سے ریان کو ہوش آیا ہے، انہوں نے بہت اچھے ردعمل کا اظہار کیا ہے اور اب ان کی حالت مستحکم ہے۔ حالانکہ وہ ابھی بھی بہت کمزور ہیں لیکن وہ بات کر رہے ہیں اور جواب بھی دے رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کو امید ہے کہ مسلسل پیش رفت کے ساتھ وہ مکمل صحت یاب ہوجائیں گے۔سابق آسٹریلوی ون ڈے وکٹ کیپر کو 2017 میں ہالینڈ کا کوچ مقرر کیا گیا تھا اور تب سے وہ اس عہدے پر فائز ہیں۔ کیمبل کے میعاد میں ٹیم کو ون ڈے کا درجہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پچھلے سال مردوں کے ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں داخل ہونے میں مدد ملی تھی۔

Related Articles