روزانہ تین کلو سے زیادہ سونا پہن کر گھومنے والے ’گولڈن گائز‘ کون ہیں؟

ممبئی،دسمبر۔ انڈیا کے مشہور رئیلٹی شو بگ باس میں حال ہی میں مہمان بن کر آنے والوں کی فہرست میں گولڈن گائز بھی شامل ہیں۔اپنے گلے میں سونے کی موٹی زنجیریں، کلائیوں میں سونے کے موٹے کنگن اور سونے کے جوتے پہنے، سنی نانا صاحب واگھچور اور سنجے گرجر پہلی بار کپل شرما شو کے شائقین میں بیٹھے نظر آئے تھے جب انھوں نے شو کے میزبان کپل شرما کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔سنہ 2016 کی فلم گریٹ گرینڈ مستی کی پروموشن کے دوران فلم کی سٹار کاسٹ وویک اوبرائے، رتیش دیش مکھ اور آفتاب شیوداسانی ’دی کپل شرما شو‘ میں آئے تھے جب یہ نوجوان شو میں دکھائی دیے۔اس کے بعد یہ انڈیا کے تقریباً ہر شو میں مہمان بن کر آ چکے ہیں۔ گولڈن گائز کا تعلق مہاراشٹر کے علاقے پونے سے ہے۔ پونے میں پرورش پانے والے گولڈن گائز بچپن سے ہی سونے کے زیورات پہنتے ہیں۔  دونوں روزانہ تین کلو یا اس سے زیادہ سونا پہنے رہتے ہیں۔ انھیں پونے میں ’گولڈ مین‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ان میں سے ایک کا نام سنی نانا صاحب واگھچور ہے جنھیں پیار سے نانا بھی کہا جاتا ہے۔ انھوں نے اپنے والد کے لیے ’نانا‘ کے نام سے سونے کی ایک زنجیر بنائی ہے، جسے وہ اکثر پہنے ہوئے نظر آتے ہیں۔سنی کی شادی ماڈل اداکارہ پریتی سونی سے ہوئی ہے۔دوسرے گولڈن گائے سنجے گرجر کو پیار سے بنٹی گرجر کہا جاتا ہے۔ سنجے کا لکی نمبر سات ہے اور وہ اکثر اس نمبر کی بڑی سونے کی چین اپنے گلے میں پہنے ہوئے نظر آتے ہیں۔سنہ 2013 میں سنی واگھچور نے وویک اوبرائے کی فلم ‘ضلع غازی آباد’ میں بھی ایک چھوٹا سا کردار ادا کیا تھا۔دراصل، 2012 میں دونوں نے فلموں کو فنانس کرنا شروع کیا۔ فلم فنانس کے ساتھ ساتھ ان کا ذاتی کاروبار بھی ہے۔ وہ سکریپ، رئیل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن کے کاروبار میں ہیں۔انھوں نے کئی گودام، فلیٹ اور مکان کرایہ پر دے رکھے ہیں۔ ان کے پونے میں دو ہوٹل ہیں اور ایک ریزورٹ بھی ہے۔ سنی، ان کے والد اور بڑا بھائی مل کر ان تمام کاروبار کو دیکھتے ہیں۔ دوسری طرف بنٹی اور بنٹی کے بڑے بھائی جو کہ ایک سیاستدان ہیں، کاروبار کو سنبھالتے ہیں۔گولڈن گائز کے سلمان خان کی فیملی سے بھی تعلقات ہیں۔ سلمان خان کے چھوٹے بھائی سہیل خان گولڈن گائز کو اپنا دوست کہتے ہیں۔ وہ انڈین آئیڈل، دی کھترا شو سمیت کئی دوسرے ٹی وی ریئلٹی شوز میں بطور مہمان نظر آنے لگے۔سوشل میڈیا پر دونوں کے لاکھوں فالوورز ہیں۔ وہ اکثر فلمی ستاروں سے ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہتے ہیں۔گولڈن گائز سال 2021 میں انصاری محسن اور نکیتا رائے کے گانے ’ڈونو یارا‘ اور 2022 میں سٹار بوائے ایل او سی کے گانے ’نچ بسنتی‘ کی ویڈیو میں بھی نظر آئے۔وہ اکثر پونے میں ایک مشہور شخصیت کے طور پر مقامی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں۔ وہ اکثر اپنے سوشل میڈیا پر اپنا امیر طرز زندگی شیئر کرتے رہتے ہیں۔ان دونوں نے ’گولڈن گائز‘ کے نام سے ایک این جی او بھی شروع کی ہے جس میں وہ پونے میں غریب بچوں کو روزانہ کھانا فراہم کرتے ہیں اور ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہیں۔ گولڈن گائز کا تعلق مہاراشٹر کے علاقے پمپری چنچواڈ، پونے سے ہے۔ سنی 2 جنوری 1990 کو پونے میں پیدا ہوئے اور سنجے 27 جنوری 1985 کو پیدا ہوئے۔پونے میں پرورش پانے والے، گولڈن گائز بچپن کے دوست ہیں۔ انھوں نے ڈی وائی پاٹل کالج سے اپنی تعلیم مکمل کی۔ کپل شرما کے شو میں انھوں نے بتایا کہ کالج ان کا ہی ہے۔دراصل کالج کی زمین ان کی ہے اور تعمیر بھی انھوں نے کروائی۔ دونوں بچپن سے سونے کے زیورات پہنے ہوئے ہیں۔ دونوں کا تعلق مشترکہ خاندان سے ہے جس کے 58 ارکان ہیں۔ انھیں مہنگی گاڑیوں کا بھی شوق ہے۔ دونوں کے پاس کئی مہنگی کاریں ہیں جن میں بی ایم ڈبلیو، مرسڈیز، آڈی، رینج روور اور جیگوار شامل ہیں۔انھوں نے ان میں سے کچھ مہنگی گاڑیوں پر سونے کی تہہ لگوائی ہے۔جب گولڈ پلیٹ والی گاڑیاں سڑک پر آتی ہیں تو ان کو نقصان سے بچانے کے لیے دو چار گاڑیاں آگے پیچھے چلتی ہیں۔زیورات اور گاڑیوں کے علاوہ ان کے پاس فون، جوتے، گھڑیاں اور سونے کی سائیکلیں بھی ہیں۔گولڈن گائیز جب بھی باہر جاتے ہیں تو ان کے ساتھ دو محافظ سکیورٹی کے لیے موجود ہوتے ہیں۔

Related Articles