رنبیر کپور کی اسکرین پر واپسی، مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام

ممبئی،جولائی۔معروف بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی 4 سال کے وقفے کے بعد بڑی اسکرین پر واپسی کے لیے مداح کافی پرجوش تھے، لیکن ان کی نئی فلم ’شمشیرا‘ مداحوں کو متاثر نہیں کر سکی۔فلم ’شمشیرا‘ میں رنبیر کپور نے دہرا کردار ادا کیا ہے، لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ دو کشتیوں کی سواری رنبیر کپور کو بالکل راس نہیں آئی۔ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سنیما ہالز میں شاذ و نادر ہی شائقین فلم ’شمشیرا‘ دیکھنے آئے۔رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ کئی ہفتوں کی زبردست تشہیر کے بعد بھی فلم مقبولیت حاصل نہیں کر سکی، فلم نے پہلے روز تو باکس آفس پر اچھا بزنس کیا لیکن اس کے بعد فلم کی مقبولیت میں کمی آنا شروع ہو گئی۔ایک رپورٹ کے مطابق سنیما گھروں میں شائقین کی عدم موجودگی کی وجہ سے فلم کے کئی شوز منسوخ کر دیے گئے۔اس فلم کے حوالے سے بھارت کی مشہور تجارتی تجزیہ کار کومل ناہٹا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ایک اور بڑی فلم لیکن وہی پرانی کہانی! صبح اور دوپہر میں شمشیرا کے شوز کچھ سنیما گھروں میں شائقین کی عدم موجودگی کی وجہ سے منسوخ کر دیے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 1.5 بلین روپے کے بڑے بجٹ پر بنائی گئی فلم ’شمشیرا‘ ریلیز کے بعد 2 دنوں میں باکس آفس پر صرف 200 ملین روپے کمانے میں کامیاب ہو سکی ہے۔

Related Articles