رضوان اور اسمتھ کے بعد ایڈم زمپا بھی تکیہ گروپ میں شامل ہوگئے

لاہور،مارچ۔گزشتہ دنوں پاکستان سے تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کی سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑی لاہور پہنچے تھے۔ اس دوران آسٹریلیا کی وائٹ بال ٹیم میں شامل لیگ اسپنر ایڈم زمپا پاکستانی کرکٹر محمد رضوان اور ساتھی کرکٹر اسٹیو اسمتھ کے بعد تکیہ گروپ میں شامل ہوگئے۔ جی ہاں آسٹریلوی وائٹ بال کے کھلاڑی جب رات گئے لاہور ائیرپورٹ پہنچے تو لیگ اسپنر ایڈم زمپا اپنے ساتھ تکیہ لے کر آئے۔زمپا کو اپنے تکیے کو جھپی ڈالے ہوئے دیکھا گیا جس کی تصاویر بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل جب آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم 24 سال بعد 27 فروری اتوار کے روز پاکستان پہنچی تو ہوٹل آمد پر دیکھا گیا تھا کہ آسٹریلوی بیٹر اسٹیو اسمتھ نے پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان کی طرح اپنا تکیہ اٹھایا ہوا تھا۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ہمیشہ تکیہ ساتھ رکھنے کی ویڈیوز گزشتہ سال کے آخر میں وائرل ہوئیں جس کے حوالے سے شائقین میں تجسس پایا جارہا تھا۔تاہم بعد ازاں رضوان کی ویڈیو جاری کی گئی جس میں انہوں نے کہا کہ ’جہاں تک تکیے کی بات ہے تو یہ تکیہ میڈیکیٹڈ ہے، کیوں کہ بطور وکٹ کیپر میرا ہمیشہ گردن کا مسئلہ رہتا ہے، وکٹ کیپنگ کے دوران اوپر نیچے بیٹھنا ہوتا ہے، فیلڈنگ کے دوران بھی ہیلمٹ اور بیٹنگ میں بھی ہیلمٹ پہننا ہوتا ہے جس کی وجہ سے گردن بالکل سکڑ سی جاتی ہے۔‘رضوان نے مزید بتایا کہ ’مجھے لوگوں نے میڈیکیٹڈ تکیہ ریفر کیا جس کی وجہ سے مجھے کافی سکون ہوتا ہے سونے میں ، جب ریکوری ضروری ہوتی ہے تو اس میں نیند کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے اس لیے میں اسے اپنے ساتھ ہی رکھتا ہوں۔‘

Related Articles