راہل ذمہ داری اٹھانے کے لیے صحیح کھلاڑی نہیں ہیں: منجریکر
ممبئی، مئی۔ ہندوستان کے سابق کرکٹر سنجے منجریکر کا خیال ہے کہ کے ایل راہل ذمہ داری کو نبھانے کے لیے صحیح کھلاڑی نہیں ہیں۔ منجریکر نے کرک انفو کے پروگرام ٹی20 آؤٹ میں کہا، ہم اب راہل کی یہ شکل کئی بار دیکھ چکے ہیں۔ جہاں وراٹ کوہلی، روہت شرما، مہندر سنگھ دھونی جیسے کھلاڑیوں نے طویل عرصے تک آئی پی ایل میں ٹیم کے اہم بلے باز اور کپتان کی ذمہ داری کو ایک ساتھ بخوبی نبھایا ہے، وہیں راہل بار بار ناکام رہے ہیں۔ شاید وہ اس کردار کے لیے صحیح شخص نہیں ہیں۔ بدھ کو لکھنؤ سپر جائنٹس اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان آئی پی ایل 2022 کے ایلیمینیٹر میں کے ایل راہل نے 58 گیندوں میں 79 رن بنائے لیکن وہ اپنی ٹیم کو ہدف تک نہیں لے جا سکے۔ اس کے بعد کے ایل راہل کے طرز عمل اور کردار پر کڑی تنقید کی جارہی ہے۔ منجریکر نے کہا، ایک کوچ کے طور پر، میں راہل سے صرف اتنا کہنا چاہوں گا کہ وہ اپنے دماغ سے نکال دیں کہ وہ ٹیم کومیچ جتانے جارہے ہیں۔ آپ بس میدان میں جائیں اور اپنے کھیل سے لطف اندوزہوں۔ آپ کو پہلے دن سے ہی کھیل میں فرق نظرآنے لگے گا۔ ایسا آپ ان کے اعدادوشمار سے بھی اندازہ لگاسکتے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں جہاں راہل نہیں وراٹ یاروہت ٹیم کے اہم بلے باز ہوتے ہیں، وہاں پر راہل کا اسٹرائیک ریٹ آئی پی ایل کے مقابلے میں بہت زیادہ ہوجاتا ہے۔ منجریکر نے راہل کی اس اننگ کو تھرڈ گیئر اننگز قرار دیا اور کہا کہ ان کی ٹیم کو اس وقت فائدہ ہوتا جب راہل لمباکھیلنے کے بجائے تیزکھیلنے کے بارے میں سوچتے۔ انہوں نے کہا، جب راہل پنجاب کنگز کے کپتان تھے، تب بھی ان کے ساتھ ایساہورہاتھا۔ وہ بڑی اننگز کھیلتے توتھے لیکن ان کی ٹیم ہدف کا تعاقب کرنے سے کچھ رن پیچھے رہ جاتی تھی۔ گرچہ راہل کی ٹیم اس سال بدل گئی ہے، لیکن ان کے ساتھ اب بھی ویساہی ہورہا ہے۔ راہل کو بڑے شاٹس کھیلنے پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ ان میں ایسا کرنے کی صلاحیت ہے۔ اس میچ میں بھی جب بھی انہوں نے بڑا شاٹ کھیلناچاہا، وہ کامیاب ہوئے۔ انہوں نے جوش ہیزل ووڈ پر کچھ اچھے شاٹ لگائے۔ وہ جب چاہیں بڑے شاٹ لگاسکتے ہیں بس انہیں اس ایپروچ کے ساتھ میدان میں آنا ہوگا کہ وہ بڑی نہیں تیز اننگ کھیلنے آئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان ڈینیئل ویٹوری بھی منجریکر سے کہیں نہ کہیں متفق نظر آتے ہیں۔ ویٹوری کا خیال ہے کہ زیادہ خطرہ اٹھائے بغیر بھی کے ایل راہل تیزی سے رن بنا سکتے ہیں اور انہیں اپنی اس صلاحیت کا بھرپور استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا، راہل کو اس انداز میں اتنی طویل بلے بازی کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کے پاس تیز کھیلنے کی صلاحیت ہے۔ آپ ان سے ایسا کچھ بھی کرنے کے لئے نہیں کہہ رہے ہیں جو وہ کرنہیں سکتے۔ رجت پاٹیدار نے اپنی سنچری اننگ کے دوران جتنے بھی خطرے مول لئے، راہل اس کا نصف ہی رسک لے کر ان سے زیادہ اہم اننگ کھیل سکتے تھے۔ اس سے دیپک ہڈا جیسے بلے باز پر بھی دباو کم ہوتا، جو زیادہ رن ریٹ کی وجہ سے ہرگیند کو مارنے کے بارے میں سوچ رہے تھے۔ راہل کو ویسی ہی بلے بازی کرنے کی ضرورت تھی جیسی وہ ہندوستان کے لئے کرتے ہیں۔