راجستھان نے اشون کا بھرپور استعمال کیا: ہربھجن

کولکتہ، مئی۔ہندوستان کے سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ کا خیال ہے کہ راجستھان رائلز نے آئی پی ایل 2022 میں روی چندرن اشون کا بھرپور استعمال کیا ہے۔ ہندوستانی آل راؤنڈر اشون نے آئی پی ایل کے اس سیزن میں گیند کے ساتھ ساتھ بلے کے ساتھ بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسٹار اسپورٹس کے کرکٹ لائیو پر بات کرتے ہوئے ہربھجن نے کہاکہ اشون کی آل راؤنڈ صلاحیت پر اعتماد کرنے کا کریڈٹ راجستھان رائلز کو دیا جانا چاہیے۔ کسی بھی فرنچائز نے رائلز کی طرح اشون کا مکمل استعمال نہیں کیا ہے۔ اس سے پہلے کسی بھی فرنچائز نے اشون کی بلے بازی کا استعمال نہیں کیا تھا، لیکن اس ٹیم نے انہیں بیٹنگ آرڈر میں اوپر بھیجا ہے اور اشون نے اپنی بلے بازی سے انہیں ایک میچ بھی جیتایا ہے۔ انہوں نے اشون کی حقیقی صلاحیت کو پہچان لیا ہے۔ فرنچائز کی توقعات پر پورا اترنے کا کریڈٹ بھی اشون کو جاتا ہے۔ ہربھجن نے یہ بھی کہا کہ رائلز کے سرکردہ بلے باز جوس بٹلر ٹورنامنٹ کے ابتدائی حصے میں اپنے عروج پر پہنچ گئے تھے لہذا اب ان کے بلے سے رن نہیں آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بٹلر کو اپنے اصل کھیل میں واپس آنا چاہیے تاکہ وہ کوالیفائر میں واپس فارم میں آ سکیں۔ ہربھجن نے کہاکہ جوس بٹلر کو خودکو کولکتہ کی پچوں کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے اختتام تک مہاراشٹر کی پچیں سست پڑ گئی تھیں، لیکن ایڈن گارڈن کی پچ بالکل نئی ہوگی۔ صرف بٹلر ہی نہیں بلکہ ہر بلے باز کو یہ تبدیلیاں کرنی ہوں گی۔ میرا خیال ہے کہ بٹلر ٹورنامنٹ کے ابتدائی حصے میں اپنی بہترین کارکردگی پر پہنچ گئے تھے اس لیے اب ان کے بلے سے رن نہیں آ رہے ہیں۔ وہ ایک عظیم کھلاڑی ہیں اور انہیں اپنی فارم دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اپنے اصل کھیل میں واپس آنا ہوگا۔

Related Articles