دہلی کے باشندے بغیر ماسک پہنے گھروں سے باہر نہ نکلیں: کیجریوال

نئی دہلی، دسمبر ۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے منگل کے روز قومی راجدھانی دہلی کے لوگوں سے کووڈ-19 کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر ماسک پہنے بغیر اپنے گھروں سے باہر نہ نکلنے کی اپیل کی اور ایسا نہ کیے جانے پر بازاروں کو بند کرنے کی وارننگ دی۔مسٹر کیجریوال نے نامہ نگاروں سے کہا کہ لوگوں کو بلا وجہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اب سامنے آنے والے زیادہ تر مریضوں میں خفیف علامات پائی جاتی ہیں، تاہم اس کے باوجود چوکنا رہنا ضروری ہے۔ دہلی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں انہوں نے کہا کہ زیادہ تر مریضوں کو اسپتال جانے کی ضرورت نہیں پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت دہلی اب کورونا وائرس کے خلاف لڑنے کے لیے 10 گنا زیادہ تیار ہے، لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ لوگ جب بھی باہر جائیں، تو وہ ماسک پہنیں۔ انہوں نے بازاروں میں بغیر ماسک کے پہنچنے والے لوگوں کی وائرل ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ ماسک کے بغیر گھر سے باہر نہ نکلیں اور کہا کہ ایسا نہ کیے جانے کی صورت میں بازار بند کرنا ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے گزشتہ تین دنوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں 0.5 فیصد سے زیادہ اضافے کے پیش نظر گریڈڈ ایکشن پلان کے لیول-1 کو نافذ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حتمی اختیارجلد ہی پیش کیا جائے گا۔ یہ پابندیاں آپ کی بھلائی کے لیے ہیں ۔

Related Articles