دورہ انگلینڈ کے بعد بیٹنگ میں کافی بہتری آئی ہے: ویراٹ کوہلی

دبئی، اگست۔متحدہ عرب امارات میں 27 اگست سے شروع ہونے والے ایشیا کپ سے قبل ہندوستان کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے انگلینڈ کے دورے پر اچھا مظاہرہ نہیں کیا جس کے بعد انہوں نے اپنے شاٹ سلیکشن پر کام کیا اور کئی بہتری کی ہے۔ کوہلی نے جولائی میں انگلینڈ کے دورے کے دوران آخری بار کھیلنے کے بعد تقریباً ایک ماہ کے لیے کرکٹ سے وقفہ لیا تھا۔ اب وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ایشیا کپ سے ہندوستانی ٹیم میں واپس آ رہے ہیں۔ اس کے بعد انہیں ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے خلاف وائٹ بال سیریز سے آرام دیا گیا تھا۔ نومبر 2019 سے بین الاقوامی کرکٹ میں سنچری نہ بنانے کے بعد کوہلی طویل عرصے سے خراب فارم میں ہیں۔ اگر کوہلی 28 اگست کو دبئی میں پاکستان کے خلاف ایشیا کپ کے پہلے میچ میں ہندوستان کی پلیئنگ الیون میں جگہ بنا لیتے ہیں تو یہ کوہلی کا 100 واں ٹی20 میچ ہوگا۔ کوہلی نے سٹار اسپورٹس پر ‘گیم پلان’ شو میں کہا، "انگلینڈ میں جو کچھ ہوا وہ الگ چیز تھی، میں نے اپنے شاٹ سلیکشن کو بہتر کیا ہے، اب مجھے اپنی بلے بازی میں کوئی مسئلہ نظر نہیں آتا”۔ ہندوستان کے سابق کپتان کوہلی نے طویل عرصے سے خراب فارم میں رہنے کے اس مرحلے کی اہمیت کے بارے میں بتایا اور کہا کہ اس سے کھیل کے ساتھ ساتھ زندگی کے بارے میں بھی ان کا نظریہ بہتر ہوا ہے۔ "میں جانتا ہوں کہ میں کیا کر رہا ہوں اور آپ اپنے بین الاقوامی کیریئر میں اس حد تک نہیں جا سکتے جب آپ میں حالات اور مشکلات کا سامنا کرنے اور مختلف قسم کی باؤلنگ سے نمٹنے کی صلاحیت نہ ہو۔” کوہلی نے کہا، "جب تک میں اچھا کرنا چاہتا ہوں، میں جانتا ہوں کہ اتار چڑھاؤ ہوں گے اور جب میں اس مرحلے سے باہر آؤں گا، تو میں جانتا ہوں کہ میں کتنا مستقل مزاج رہ سکتا ہوں۔ میرے تجربات میرے لیے اہم ہیں۔”

Related Articles