خواتین عالمی کپ کے میچ 9 کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ہوسکیں گے

دبئی، فروری۔ نیوزی لینڈ میں آئندہ مہینے ہونے والے خواتین عالمی کپ کے میچ 9 کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ہوسکیں گے۔ آرگنائزنگ کمیٹی نے یہ فیصلہ کورونا کے پیش نظر کیا ہے۔آئی سی سی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ کرس ٹیٹلی نے کہا کہ اگر کسی ٹیم میں کورونا کی وبا پھیلتی ہے تو نو کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں بھی اتر سکتی ہیں۔ ایسے حالات میں ٹیم مینجمنٹ یا کوچنگ اسٹاف کا کوئی رکن متبادل فیلڈر کے طور پر میدان میں اتر سکتا ہے۔ ٹیٹلی نے ایک بیان میں کہا، اگر ضرورت ہو تو، ہم نو کھلاڑیوں کے ساتھ میچ کھیل سکتے ہیں۔ ٹیم یا کوچنگ اسٹاف کی دو خواتین رکن متبادل کے طور پر میدان میں آ سکتی ہیں۔ تاہم وہ باؤلنگ یا بیٹنگ نہیں کرسکیں گی۔ تمام ٹیموں کو پہلے ہی 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ تین ریزرو کھلاڑی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر کچھ میچوں کو ری شیڈول بھی کیا جا سکتا ہے۔ ٹیٹلی نے کہا، ہم نے ٹیموں کو لچکدار رہنے کے لئے کہا ہے۔ آرگنائزنگ کمیٹی بھی حالات کے مطابق لچکدار ہونے کی کوشش کرے گی۔ ہم تمام مناسب حالات میں کھیل اور ٹورنامنٹ کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ حال ہی میں نیوزی لینڈ میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ جمعرات کو ملک میں کورونا کے 6000 سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں ۔

 

Related Articles