حکومت امیدواروں کو منصفانہ بھرتی کی یقین دہانی دلائے: رویندر رینہ
جموں، مارچ۔بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ کی مختلف اسامیوں کے خواہشمندوں کو منصفانہ بھرتی کی یقین دہانی دلائے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس سلسلے میں جے کے ایس ایس بی چیئرمین سے بات بھی کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان بچوں کی بات سنی جانی چاہئے۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے چئیر مین راجیش شرما جی سے میں نے بات کی ہے جو ہمارے نوجوانوں کے خدشات ہیں میں ان کو ٹھیک سمجھتا ہو‘۔ان کا کہنا تھا: ’ آج خود لیفٹیننٹ گورنر صاحب نے کہا کہ چونکہ امتحانات کے لئے بچوں کو ایڈمٹ کارڈ بھیجے گئے ہیں اگر یہ عمل روکا گیا تو اس سے کہیں تین چار مہینوں کے لئے بھرتی کا عمل پھر رک نہ جائے‘۔مسٹر رینہ نے کہا کہ ہمارے بچوں کی بات بھی سنی جانی چاہئے اور انہیں یہ یقین دلایا جانا چاہئے کہ اس معاملے میں کہیں بھی کسی قسم کی چور بازاری نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی رشوت خور کو نہیں بخشا جائے گا جو ایسا کرے گا اس کو جیل بھیج دیا جائے گا۔بتادیں کہ جے کے ایس ایس بی کے امتحانات ایپ ٹیک کے ذریعے منعقد کرانے کے خلاف مختلف اسامیوں کے امید وار بر سر احتجاج ہیں۔