حمل کے 22 ویں ہفتے میں پیدا ہوکر بچ جانے والے جڑواں بچوں کے نام عالمی ریکارڈ

اوٹاوا،مارچ۔کینیڈا سے تعلق رکھنے والے بہن بھائی نے حمل ٹھہرنے کے بعد سب سے جلد پیدا ہونے کا عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ان بچوں نے دنیا میں قبل از وقت پیدا ہونے والے جڑواں بچوں کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا۔آدیہ اور ایڈریئل ناداراجہ کو پہلی سالگرہ کے موقع پر یہ اعزاز دیا گیا۔ان دونوں کی پیدائش حمل کے 22 ویں ہفتے یا 126 دن بعد ہی ہوگئی تھی۔عام طور پر اگر حمل کے 22 ویں ہفتے سے قبل کسی بچے کی پیدائش ہو تو اسے بچانے کے لیے اسپتال کی جانب سے کوشش نہیں کی جاتی۔ان بچوں کی پیدائش بھی 21 ویں ہفتے میں متوقع تھی۔بچوں کی ماں سکینہ راجندرم اور والد کیون ناداراجہ کو بھی اسپتال انتظامیہ نے کہا تھا کہ اتنی جلد پیدائش پر وہ کوئی مدد نہیں کرسکتے۔درحقیقت ڈاکٹروں نے تو کہا تھا کہ بچوں کے بچنے کا صفر فیصد امکان ہے۔خوش قسمتی یہ جوڑا ٹورنٹو کے ایک ایسے اسپتال چلا گیا جہاں بچوں کے لیے خصوصی آئی سی یو یونٹ موجود تھا۔مگر وہاں بھی انہیں کہا گیا کہ اگر بچوں کی پیدائش حمل کے 22 ویں ہفتے سے چند منٹ قبل بھی ہوئی تو انہیں مرنے کے لیے چھوڑ دیا جائے گا۔سکینہ نے حمل کو چند گھنٹوں تک برقرار رکھنے کی کوشش کی اور ان بچوں کی پیدائش 22 ویں ہفتے کے آغاز کے 2 گھنٹے بعد 4 مارچ 2022 کو ہوئی۔اب وہ دونوں ایک سال کے ہوگئے ہیں۔اس سے قبل یہ ریکارڈ 2018 میں امریکا میں پیدا ہونے والے جڑواں بچوں کے پاس تھا۔

Related Articles