جوہری مذاکرات ہمیں ایرانی عوام کی حمایت سے نہیں روکیں گے: امریکہ

واشنگٹن،ستمبر۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا ہے کہ ایران میں بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہرے ایرانی عوام کی آزادی اور باعزت شہری کے طور پر زندگی گزارنے کی خواہش کی عکاسی کر رہے ہیں۔اتوار کی شام نشر اے بی سی چینل کو انٹرویو میں انہوں نے کہا امرکہ ایرانی مظاہرین کی آواز بیرون ملک پہنچانے کیلئے ان کی انٹرنیٹ تک رسائی میں مدد کرے گا۔ اس ضمن میں واشنگٹن ایرانی شہریوں کی سوشل میڈیا تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کر رہا ہے۔ایران میں شروع ہونے والے مظاہروں کے جوہری مذاکرات پر اثرات کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا جوہری مذاکرات اور معاہدہ امریکہ کو ایرانی عوام کے مطالبات کی حمایت سے نہیں روکتا۔ ہم ایران کی خواتین اور شہریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔جیک سلوان نے کہا یہ بات یقینی بنانے کیلئے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرکے دنیا کیلئے خطرہ نہ بنے ہمارا بہترین اختیار سفارتکاری ہی ہے۔خیال رہے ہفتے کے روز امریکہ نے اعلان کیا تھا کہ واشنگٹن انٹرنیٹ خدمات تک رسائی بڑھانے کیلئے ایران پر عائد ٹیکنالوجی کی برآمد سے متعلق پابندیوں میں نرمی کر دے گا۔ یاد رہے ایران نے حجاب کی مکمل پابندی نہ کرنے والی خاتون مہسا امینی کی اخلاقی پولیس کی حراست میں موت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کے تناظر میں انٹرنیٹ اورٹیکنالوجی تک رسائی محدود کردی ہے۔امریکی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ تہران کی جانب سے انٹرنیٹ کو بلاک کرنا دنیا کو پرامن مظاہرین کے خلاف اس کی پرتشدد کارروائیوں کو دیکھنے سے روکنے کی ایک کوشش ہے۔ اس سے قبل مظاہرین پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے براہ راست فائرنگ کی ویڈیوز بھی سامنے آ چکی ہیں۔

Related Articles

Check Also

Close