جنوبی24پرگنہ کے بھانگر میں بڑی تعداد میں اسلحہ و بم برآمد

کلکتہ،دسمبر۔ جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے بھانگر میں ایک گھر سے بڑی مقدار میں بارود، ساکٹ بم اور آتشیں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ ایک خفیہ اطلاع پر پولیس نے بدھ کی رات بھانگر کے ناٹا پوکور علاقے میں چھاپہ مارا۔ پولیس نے بتایا کہ باب اور بیٹے کو اس معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایاکہ کئی غیر قانونی ہتھیار اور 15 کلو بارود ضبط کیا گیا ہے۔ پانچ ساکٹ بم، ایک سنگل بندوق اور ایک کارتوس برآمد ہوا ہے۔ اس کے علاوہ بم بنانے کا مواد بھی ضبط کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق بدھ کی رات ناٹا پوکور کے رہنے والے نبیرالملا کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔ ملا اور اس کے بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملا کے بیٹے نے مبینہ طور پر بم اور پستول کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں۔چھاپے کے دوران پولیس کو دیکھ کر چار افراد موقع سے فرار ہوگئے۔ ایک افسر نے بتایا کہ ملزم کے خلاف اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ذرائع کے مطابق، پولیس اگلے سال ہونے والے پنچایتی انتخابات سے پہلے علاقے میں سماج دشمن سرگرمیوں کو روکنے کے لیے کوشاں ہے۔ بروئی پور پولیس ضلع کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (صدر) مقصود حسن نے کہاکہ ”اس گینگ سے وابستہ افراد کی تلاش جاری ہے۔“بی جے پی کے قومی نائب صدر دلیپ گھوش نے کہاکہ”بم اور دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی بنگال میں کوئی خبر نہیں ہے۔ یہ معمول کی بات ہے۔ یہ وہ بنیاد ہے جس پر ٹی ایم سی زندہ ہے۔ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا ایم پی سانتانو سین نے کہاکہ اگر ترنمول کانگریس کا پنچایت انتخابات میں دھماکہ خیز مواد استعمال کرنے کا کوئی ارادہ تھا، تو ہمارے وزیر اعلیٰ پولیس کو اس سے پہلے تمام اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے اور ضبط کرنے کا حکم کیوں دیتی؟ ترنمول کانگریس کو تشدد کی ضرورت نہیں ہے۔ ہماری پارٹی نے واضح طور پر کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ پرامن طریقے سے جمہوری طریقے سے ووٹ دیں۔

Related Articles