جعلی ڈاکٹر این ایچ ایس میں 20 برس تک انسانی زندگیوں سے کھیلتی رہی

لندن،فروری۔ برطانیہ میں صحت کے سب سے بڑے ادارے این ایچ ایس میں کام کرنے والی ایک جعلی ڈاکٹر 20 سال تک کام کرتی رہی، ڈاکٹر میڈیکل کی جعلی ڈگری کے ساتھ ماہر نفسیات کی مشق کرتی اور انسانی زندگیوں کے ساتھ کھیلتی رہی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق جعلی ڈاکٹر دھوکہ دہی اور فریب کی مرتکب ہوئی ہے۔ برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق مانچسٹر کراؤن کورٹ کو بتایا گیا کہ زولیا علیمی جس کی عمر 60 برس ہے انگلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ کے ہسپتالوں میں کام کرتی رہی،ملزمہ نے اپنے پورے کیریئر میں ایک ملین پاؤنڈ سے زیادہ کی آمدنی اور فوائد حاصل کئے۔ علیمی دھوکہ دہی اور جعلسازی کے مقدمات میں قصوروار پائی گئی، جج ہلیری مینلی نے ملزمہ کو حراست میں لینے کا حکم دے دیا۔ معزز جج نے کہا کہ 28 فروری کو ملزمہ کو لمبی قید کی سزا سنائی جائے گی، معزز جج نے این ایچ ایس حکام سے سوال کیا کہ ملزمہ جعلی ڈگریاں اور دستاویزات ہوتے ہوئے کیسے20 سال کام کرتی رہی۔چار ہفتے تک جاری رہنے والے مقدمے کے دوران جیوری کو بتایا گیا کہ علیمی کو 2018 میں کارلیسل کراؤن کورٹ میں 84 سالہ خاتون کی وصیت کو جعل سازی کرنے اور اٹارنی کے اختیارات کی جعلسازی کے بعد تین فراڈ کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی۔ اس معاملے میں اسے پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی اور جی ایم سی نے ناکافی چیکس اور اس کے نتیجے میں مریضوں کو پیدا ہونے والے کسی بھی خطریکیلئے معذرت کی تھی۔

 

Related Articles