تمیم اقبال انگوٹھے میں چوٹ کے بعد پاکستان کے خلاف سیریز سے باہر

ڈھاکہ، نومبر۔بنگلہ دیش کو پاکستان کے خلاف آئندہ گھریلو سیریز سے قبل ایک اور دھچکا لگا ہے۔ محمد سیف الدین اور شکیب الحسن کے بعد اب تجربہ کار سلامی بلے باز تمیم اقبال انگوٹھے کی چوٹ کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ سمجھاجاتا ہے کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں واپسی کے خواہش مند تمام نے سیریز کی تیاری کے لیے گزشتہ ہفتے نیٹ سیشن کا آغاز کیا تھا، لیکن تیز گیند بازوں کے خلاف بلے بازی کرتے ہوئے انہیں دقّت محسوس ہوئی اور ان کا ایکسرے کرایا گیا، جس میں ان کے انگوٹھے میں فریکچر کا پتہ چلا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے چیف سلیکٹر منہاج العابدین نے انگوٹھے کی انجری کے باعث تمیم کے پاکستان کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انگوٹھے میں سوجن نہیں گئی اور اسی وجہ سے ان کا ایک اور ایکسرے کیا گیا، جس میں اس کا پتہ چلا کہ ان کے انگوٹھے میں فریکچرہوگیا ہے جس کا انہیں پہلے علم نہیں تھا۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل محمد سیف الدین انجری کے باعث پوری سیریز سے باہر جبکہ شکیب ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو گئے تھے، وہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 19 نومبر سے ہوگا، تینوں میچز بالترتیب 19، 20 اور 22 نومبر کو ڈھاکہ کے میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، اس کے بعد چٹگام اور میرپور میں دو ٹیسٹ کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹیسٹ 26 سے 30 نومبر جبکہ دوسرا ٹیسٹ 4 سے 8 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔

Related Articles