تسکین کو آئی پی ایل 2022 کے لیے این او سی نہیں ملے گی: بی سی بی

ڈھاکہ، مارچ ۔بنگلہ دیش کے تیز گیند باز تسکین احمد کو آئندہ آئی پی ایل 2022 سیزن میں کھیلنے کے لیے این او سی نہیں ملے گی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے حکام نے پیر کو اس کی تصدیق کی۔ قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم اس وقت جنوبی افریقہ کے دورے پر ہے۔ اس درمیان آئی پی ایل فرنچائز لکھنؤ سپر جائنٹس نے مارک ووڈ کے انجری کے باعث آئی پی ایل 2022 سے باہر ہونے کے بعد تسکین کو ٹیم میں شامل کرنے کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) سے رابطہ کیا تھا، لیکن بی سی بی نے تسکین کو این او سی دینے سے انکار کر دیا ہے۔ بی سی بی کے کرکٹ آپریشنز کے صدر جلال یونس نے پیر کو صحافیوں کو بتایا، ’’چونکہ ہمارے پاس جنوبی افریقہ کا موجودہ دورہ اور بھارت کے خلاف ہوم سیریز جیسی دو اہم سیریز ہیں،اس لئے ہمیں لگتا ہے کہ تسکین کا آئی پی ایل میں حصہ لینا مناسب نہیں ہوگا۔ ہم نے تسکین سے بات کی ہے اور وہ ساری صورتحال کو سمجھ چکے ہیں۔ انہوں نے فرنچائز کو مطلع کیا ہے کہ وہ آئی پی ایل نہیں کھیل رہے ہیں اور وہ پورے جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے دستیاب ہوں گے اور بعد میں وطن واپس آئیں گے۔ ” اس درمیان حکام نے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ کے موجودہ دورے کے دوران اسٹار آل راونڈر ثاقب الحسن کی دستیابی کے تعلق سے ان کے فیصلے کا انتظار کررہے ہیں، یہ دیکھتے ہوئے کہ انہیں ان کے خاندان کے افراد کی بیماری کی وجہ سے تین میچوں کی ایک روزہ سیریز کے وسط میں وطن واپس آنا پڑ سکتا ہے۔

Related Articles