ترک صدرطیب ایردوآن اوران کی اہلیہ کووِڈ-19 کا شکار،مگرعلامات شدید نہیں!

استنبول،فروری۔ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور ان کی اہلیہ کروناوائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔انھوں نے ہفتے کے روز خود اطلاع دی ہے کہ ان کا کووِڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے مگرانھیں اس کی شدید علامات کا سامنا نہیں۔صدر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’معمولی علامات ظاہر ہونے کے بعد،میں اورمیری اہلیہ نے کووِڈ-19 کا ٹیسٹ کرایا ہے اور اس کا مثبت نتیجہ آیا ہے۔شکر ہے کہ ہمیں ہلکا سا انفیکشن ہے اور ہمیں بتایا گیا ہے کہ یہ اومیکرون متغیّرکا شاخسانہ ہے۔ہم ڈیوٹی پر ہیں۔ ہم گھر سے کام جاری رکھیں گے۔ہم آپ سب کی دعاؤں کے منتظر ہیں‘‘۔67سالہ صدر ایردوآن نے یہ پیغام استنبول سے سرنگ کھولنے کی تقریب میں ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کے بعد بھیجا تھا۔انھوں نے خراب موسم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس وجہ سے ذاتی طور پرسرنگ کے افتتاح کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ ٹیلی ویڑن پرنموداری کے وقت ان میں بیماری کے کوئی آثاردکھائی نہیں دیے۔واضح رہے کہ ترکی میں حالیہ دنوں میں کووڈ-19 کے یومیہ کیسوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔جمعہ کو وزارت صحت نے 111,157 کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی تھی۔ دسمبر کے آخرمیں یومیہ کیسوں کی تعداد قریباً 20,000 تھی لیکن کرونا وائرس کی انتہائی متعدی قسم اومیکرون پھیلنے کے بعد ترکی میں یومیہ کیس بڑھ گئے ہیں۔ترکی میں کووِڈ-19 کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔حکام نے جمعہ کو248 اموات کی تصدیق کی تھی اور یہ ایک دن میں اکتوبر کے بعد کروناوائرس سے ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

Related Articles