بی سی سی آئی نے خواتین ٹیم کے کوچ کے لیے درخواستیں طلب کی
ممبئی، مئی۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے منگل کو خواتین کی سینئر ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ یہ عہدہ گزشتہ سال دسمبر میں رمیش پوار کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) جانے کے بعد سے خالی پڑا ہے۔بی سی سی آئی کی جانب سے شائع کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق درخواست داخل کرنے والے شخص کو بین الاقوامی کرکٹ میں ہندوستان یا کسی دوسرے ملک کی نمائندگی کرنے کا تجربہ ہونا چاہیے۔ اس میں ناکام ہونے پر اس شخص کے پاس کوچنگ میں این سی اے کا سی-کیٹیگری کا سرٹیفکیٹ اور 50 فرسٹ کلاس میچوں کا تجربہ ہونا چاہیے۔اگر یہ دونوں شرائط پوری نہیں ہوتی ہیں تو اگر کوئی شخص کرکٹ کے ایک سیزن کے لیے بین الاقوامی ٹیم کے کوچ یا دو سیزن کے لیے ٹی ٹوئنٹی فرنچائز کے طور پر خدمات انجام دے چکا ہے، تو وہ درخواست دائر کر سکتا ہے۔بی سی سی آئی نے عمر کے معیار کے بارے میں کوئی اطلاعات نہیں دی ہیں، تاہم، بی سی سی آئی کی پالیسی کے مطابق عام طور پر 60 سال سے زیادہ عمر کے شخص کو انتخاب کے لیے اہل نہیں سمجھا جاتا ہے۔ کوچ کی ذمہ داری ممبئی میں ہوگی اور امیدوار کو کرکٹ کوچنگ سیٹ اپ تیار کرنے کی ضرورت ہوگی۔درخواستوں کی آخری تاریخ 10 مئی ہے، جس کے بعد بی سی سی آئی درخواست دہندگان کو شارٹ لسٹ کرے گا اور انہیں اشوک ملہوترا کی قیادت والی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی کے پاس بھیجے گا، جو بی سی سی آئی کے آئین کے مطابق انٹرویوز کرے گی۔ہندوستانی خواتین ٹیم نے گزشتہ برسوں میں اپنے کوچنگ اسٹاف میں کئی تبدیلیاں دیکھی ہیں۔ رمیش پوار کی این سی اے میں منتقلی کے بعد ہندوستان اس سال جنوبی افریقہ میں ہونے والے خواتین کے ٹی۔ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ہیڈ کوچ کے بغیر گیا تھا۔اگلے دو سالوں میں آئی سی سی کے دو ایونٹس کو ذہن میں رکھتے ہوئے بی سی سی آئی اب ٹیم کے لیے طویل مدتی ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اگرچہ بورڈ کے جاری کردہ نوٹس میں میعاد کی مدت نہیں بتائی گئی ہے، لیکن یہ سمجھا جاتا ہے کہ بی سی سی آئی مثالی طور پر کم از کم 2025 میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ تک ہیڈ کوچ کا تقرر کرنا چاہتا ہے۔