بی جے پی کے سابق ایم ایل اے رام نریش راوت کا انتقال

رائے بریلی:ستمبر۔اترپردیش کے ضلع رائے بریلی کے بچھراواں علاقے میں بی جے پی کے سابق ایم ایل اے رام نریش راوت کی بیماری کی وجہ سے دہلی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔مستقل طور سے بارہ بنکی کے دولت کے رہنے والے بی جے پی لیڈر نے سال 2017 میں 17ویں اسمبلی کا الیکشن بچھراواں سے بی جے پی کے ٹکٹ پر لڑا تھا جس میں جیت درج کرتے ہوئے وہ ایم ایل اے بنے تھے۔سال 2022 اسمبلی انتخاب کے وقت وہ بیمار چل رہےتھے۔اس سال ہوئے اسمبلی انتخابات میں اپنا دل(ایس) کے ساتھ اتحاد کی وجہ سے بچھراواں (ریزرو سیٹ) سے بی جے پی کے رام نریش راوت کی جگہ اپنا دل کے لکشمی کانت کو ٹکٹ مل گیا تھا۔ باوجود اس کے بچھراواں سے ایس پی نے بازی مار لی۔اور وہاں سے شیام سندر بھارتی نے اپنا دل امیدوار کو تقریبا ڈھائی ہزار سےزیادہ ووٹوں کے مارجن سے ہرایا تھا۔رام نریش راوت کے دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ارون راوت ہیں۔ بیٹا سیاست میں سرگرم ہیں اور ضلع بارہ بنکی سے بی جے پی یوا مورچہ کے ضلع سکریٹری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد لیور کی بیماری میں مبتلا تھے جن کا انتقال دہلی کے ایک اسپتال میں ہفتہ اور اتوار کی رات دو بجے ہوگیا۔ وہ عوام میں کافی مقبول تھے ان کے انتقال سے ا ٓس پاس غم کا ماحول ہے۔اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بی جے پی کے سابق ایم ایل اے رام نریش راوت کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کی روح کی تسکین کی دعا کرتے ہوئے مغموم اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

 

Related Articles