بی جے پی نے پنجاب کے لئے 34امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی

نئی دہلی، جنوری ۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پنجاب اسمبلی انتخابات کے لئے 34امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔بی جے پی کے جنرل سکریٹری ترون چگھ نے یہاں جمعہ کو بی جے پی کے جنرل سکریٹری اور پنجاب انتخابات کے انچارج دشینت گوتم، مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور پارٹی کے میڈیا سربراہ انل بلونی کی موجودگی میں امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی نے امیدواروں کی فہرست میں معاشرہ کے ہر طبقہ کو نمائندگی دی ہے۔بی جے پی نے جالندھر سنٹرل سے پارٹی کے پنجا ب اسمبلی کے لیڈر اور سابق کابینی وزیر منورنجن کالیا کو امیدوار بنایا ہے۔ کچھ دیگر اہم ناموں میں ہرگوبند پور سے بلجندر سنگھ، املوہ سے کنور سنگھ، سوجان پور سے دنیش سنگھ ببو، امرتسر شمال سے سکھوندر سنگھ اور ہوشیار پور سے تکشن سود کے نام شامل ہیں۔بی جے پی نے امیدواروں کی فہرست میں ذاتی شمولیت کا توازن بنانے کی کوشش کی ہے۔ پنجاب میں دلتوں کی بڑی آبادی کے مدنظر نو درج فہرست ذات کے امیدوار میدان میں اتارے گئے ہیں جن میں جلال آباد کی جنرل سیٹ سے بھی ایک درج فہرست ذات کا امیدوار شامل ہے۔ ان میں سے چھ سکھ اور تین ہندو ہیں۔ جنرل زمرہ کے 24امیدواروں میں 13 ہندو اور 11سکھ ہیں۔ بی جے پی کی پہلی فہرست میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔مسٹر چگھ نے کہاکہ پنجاب کاشت کاری والی ریاست ہے اس لئے ہم نے 34میں سے 12کسان کنبہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ٹکٹ دیا ہے۔ اس کے علاوہ ہماری فہرست میں ڈاکٹر، وکیل، کھلاڑی، نوجوان، خواتین اور سابق بیوروکریٹ بھی شامل ہیں۔

Related Articles