بی جے پی حکومت کو غریبوں کی فکر نہیں:پرینکا
امیٹھی:فروری۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بدھ کو کہا کہ اترپردیش سمیت پورے ملک میں مہنگائی اور بے روزگار کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)ذمہ دار ہے۔ سرمایہ داروں کی فکر کرنے والی بی جے پی حکومت نے غریبوں کی مال حالت کی بہتری کی سمت میں کوئی کام نہیں کیا ہے۔پانچ سال پہلے تک کانگریس کے قلعہ کے طور پر اپنی شناخت بنانے والے امیٹھی کے لوگوں کو گاندھی کنبے کا حوالہ دیتے ہوئے پرینکا نے ایک انتخابی ریلی میں کہا کہ مرکز اور اترپردیش میں بی جے پی کی حکومت ہوتے ہوئے بھی ریاست میں بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ بن گئی ہے۔ یہاں 12لاکھ سرکاری اسامیاں خالی ہیں۔ کیا حکومت کو بے روزگار نہیں دکھائی دیتے ۔نوٹ بندی، جی ایس ٹی پر ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے چھوٹے روزگار بند ہوگئے ہیں جس کا سیدھا اثر عام لوگوں پر پڑرہا ہے۔ عالمی وبار کووڈ۔19 کے دور میں حکومت نے ریاست کی عوام کو بے سہارا چھوڑ دیا تھا۔ کسانوں کا حال حکومت میں بہت خراب ہے۔ بندیل کھنڈمیں کسان کھاد کے لئے لائن میں کھڑے کھڑے مررہے ہیں۔ کسان خودکشی کررہے ہیں۔ حکومت ان کی طرف دھیان نہیں دے رہی ہے۔وزیر اعظم پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار۔ پانچ دن پہلے وزیر اعظم نے عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آوارہ مویشیوں کے بارے میں مجھے آج پتا چلا ہے جبکہ کانگریس لگاتار حکومت کو آوارہ مویشیوں کے لئے خط لکھ رہی ہے۔ مرکز اور ریاستی حکومت ہوتے ہوئے بھی بے روزگاروں کے لئے کوئی کام نہیں ہوا ہے۔مودی پر طنز کستے ہوئے پرینکا نے کہا’ امریکہ میں ٹرمپ جی کھانستے ہیں تو آپ کو جانکاری ہوجاتی ہے یہاں آوارہ مویشیوں اور کسانوں کی خستہ حالی کی جانکاری آپ کو نہیں مل پارہی ہے۔ مہنگائی کے مسئلے پر حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرسوں کا تیل240 روپئے فی لیٹر فروخت ہورہا ہے۔ ایک دن کی مزدوری ڈھائی سو روپئے ہے مطلب ایک دن کی مزدوری میں ایک لیٹر تیل بھی نہیں مل پارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے علاوہ ڈیزل، پٹرول اور رسوئی گیس کے دام آسمان چھو رہے ہیں۔ مفت راشن کو انتخابی اسٹنٹ بتاتے ہوئے کہا کہ یہ سب راشن انتخابات کو دھیان میں رکھ کر تقسیم کیا جارہا ہے۔سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کا ذکر کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ مرکز اور ریاست میں جب کانگریس کی حکومت تھی تب امیٹھی کا نقشہ بدل گیا تھا۔ روزگار کے لئے بہت ساری فیکٹریاں لگائی گئی تھیں۔15سال پہلے امیٹھی کے لوگوں کو نوکریاں ملی تھیں۔