بہتر مستقبل کے لیے توانائی کی بچت ضروری ہے: شیوراج

بھوپال، دسمبر۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج ریاست کے لوگوں سے توانائی کی بچانے کی ہر ممکن کوشش کرنے کی اپیل کی ہے۔توانائی کے تحفظ کے قومی دن کے موقع پر مسٹر چوہان نے ریاست کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ روزمرہ کی زندگی کے ہر شعبے میں توانائی کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کا عہد کریں اور توانائی کے ذرائع کو محفوظ کریں اور لوگوں کو اس کی اہمیت سے آگاہ کریں اور آنے والی نسل کو بہتر مستقبل کا تحفہ دیں۔ریاست کے لوگوں کو بجلی بچانے کی ترغیب دینے کے مقصد سے 25 نومبر کو توانائی سے متعلق معلومات کی مہم شروع کی گئی ہے۔ مہم کا مقصد عوام کے تعاون سے 10 فیصد بجلی کی بچت کرنا ہے۔ مسٹر چوہان کے ذریعہ ذاتی طور پر بجلی کی بچت کے لیے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔ اس حوالے سے 3 دسمبر کو دہلی میں منعقدہ ایک پروگرام میں انہوں نے کہا تھا کہ ’میں اپنی رہائش گاہ پر کوئی ٹیوب لائٹ یا بلب بلا وجہ جلتا دیکھتا ہوں تو میں خود اسے بند کر دیتا ہوں‘۔وزیراعلی چوہان نے رہائش گاہ کے دفتر کے تمام افسران اور ملازمین کو بجلی کی بچت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ رہائش گاہ میں تعینات تمام افسران اور ملازمین کو غیر ضروری جلتی ہوئی لائٹس بند کرنے، روم ہیٹر یا اے سی کو ضرورت کے مطابق ہی استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان ہدایات پر سنجیدگی سے عمل کیا جا رہا ہے۔مہم میں ماحولیاتی خطرات، موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے منفی اثرات کے بارے میں معلومات فراہم کرانے، انہیں کو کم کرنے اور اس کے لیے توانائی کی مختلف ٹیکنالوجیز کا انتخاب کرکے عوام کو اہل بنانے کے لیے بھی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اسکولوں اور کالجوں کے طلباء اور عام لوگوں کو معلومات فراہم کرنے کے لئے ریاست میں توانائی کے بارے میں معلومات کی مہم ایک مشن کے طور پرچلائی جارہی ہے۔

Related Articles