بنگلہ دیش کی جدو جہد آزادی میں ہندوستان کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کریں گے: حسینہ

نئی دہلی، ستمبر۔بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اٹوٹ اور قریبی رشتوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کا ملک بنگلہ دیش کی جدو جہدآزادی میں ہندوستان کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا اور اسی لئے انہیں ہربار ہندوستان آکر بہت خوشی ہوتی ہے۔محترمہ حسینہ نے یہاں راشٹرپتی بھون کے صحن میں ایک رسمی استقبال کے بعد میڈیا سے مختصر بات چیت میں تبصرہ کرتے کہا کہ ہندوستان ہمارا دوست ہے۔ جب بھی میں یہاں آتی ہوں، مجھے بہت خوشی ہوتی ہے کیونکہ مجھے بنگلہ دیش کی جد و جہد آزادی میں ہندوستان کا تعاون ہمیشہ یاد رہتا ہے۔ ہمارے دوستانہ تعلقات ہیں اور ہم مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔اس سے پہلے راشٹرپتی بھون پہنچنے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے محترمہ حسینہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں مہمان لیڈرنے تینوں افواج کے مشترکہ دستے کے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔اس کے بعد محترمہ حسینہ راج گھاٹ گئیں جہاں انہوں نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ حیدرآباد ہاؤس میں صبح 11 بجے مسٹر مودی اور محترمہ حسینہ کے درمیان دو طرفہ سربراہی ملاقات ہوگی جس میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے مقصد سے کئی اہم معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ شام میں، محترمہ حسینہ صدر دروپدی مرمو اور نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ سے ملاقات کریں گی۔محترمہ حسینہ اور ان کے وفد کے ارکان وطن واپسی سے قبل جمعرات کو اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کےی درگاہ پر حاضری دیں گے۔ دورہ کرنے والے لیڈڑ پیر کو نئی دہلی پہنچے تھے۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کل شام ان سے خیر سگالی ملاقات کی تھی۔ محترمہ حسینہ نے کل شام حضرت نظام الدین اولیاء کی درگاہ کی زیارت کی تھی۔

Related Articles