بنگلہ دیش نے زمبابوے کو سنسنی خیز مقابلے میں تین رنز سے شکست دے دی

برسبین، اکتوبر۔بنگلہ دیش نے زمبابوے کو ٹی۔20 ورلڈ کپ 2022 کے ایک سنسنی خیز میچ میں تسکین احمد (19/3) کی شاندار گیند بازی کے بعد نجم الحسین شانتو (71) کی نصف سنچری کی بدولت تین رنز سے شکست دے دی۔سپر 12 کے میچ میں بنگلہ دیش نے زمبابوے کو 151 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم 147 رنز ہی بنا سکی۔ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی آدھی ٹیم 69 رنز پر پویلین لوٹ گئی لیکن شان ولیمز اور ریان برل نے شاندار جدوجہد کی۔ دونوں کے درمیان چھٹی وکٹ کے لیے نصف سنچری کی شراکت نے ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا دیا تھا، حالانکہ ولیمز 19ویں اوور میں رن آؤٹ ہو گئے اور میچ بنگلہ دیش کے کورٹ میں جاپہنچا۔ زمبابوے کو آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے۔ دوسری گیند پر بریڈ ایونز کے آؤٹ ہونے کے بعد رچرڈ ناگروا نے تیسری اور چوتھی گیند پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ تاہم وہ بھی پانچویں گیند پر اسٹمپ ہو گئے۔ جب زمبابوے کو ایک گیند پر پانچ رنز درکار تھے تو وکٹ کیپر نورالحسن نے اسٹمپ کرنے کی کوشش میں بلیسنگ مزربانی کی گیند کو وکٹ کے سامنے کیچ کر لیا جس کی وجہ سے اسے نو بال قرار دیا گیا۔ تھرڈ امپائر کی جانب سے فیصلہ سنانے کے بعد وہ کھلاڑی جو ہاتھ ملاکر میدان سے باہر جاچکے تھے واپس آگئے۔ تاہم اس بار بھی مزربانی گیند کو نہ چھو سکے اور بنگلہ دیش نے تین رنز سے میچ جیت لیا۔اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے سست آغاز کیا۔ شانتو نے 32 رنز پر ٹیم کی دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان شکیب الحسن کے ساتھ 54 رنز کی شراکت داری کی۔ شکیب نے 20 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 23 رنز بنائے جبکہ شانتو نے 55 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 71 رنز بنائے۔اپنی ففٹی مکمل کرنے کے بعد شانتو نے 16ویں اوور میں اپنا ہاتھ کھولا اور بریڈ ایونز کی گیند پر ایک چھکا اور دو چوکے لگائے، حالانکہ وہ اگلے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد عفیف نے 19 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 29 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو 150/7 کے باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزربانی نے 13 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں، حالانکہ انہوں نے صرف دو اوور پھینکے۔ اس کے علاوہ رچرڈ ناگروا نے چار اوورز میں 24 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سکندر رضا اور شان ولیمز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اس نے 36 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں۔ تسکین احمد نے ویزلے مادھویرے اور کریگ ارون کو آؤٹ کیا جبکہ مستفیض الرحمان نے ملٹن شمبا اور فارم میں چل رہے سکندر رضا کو پویلین بھیجا۔ وکٹ کیپر ریگیس چکابوا نے 19 گیندوں پر 15 رنز بنانے کے بعد کچھ وقت وکٹ پر گزارا لیکن تسکین نے انہیں 12 ویں اوور کی میڈن میں بولڈ کر دیا اور زمبابوے پر دوبارہ دباؤ آ گیا۔ولیمز اور ریان برل نے پھر چھٹی وکٹ کے لیے 63 رنز بنا کر زمبابوے کو فتح کے قریب پہنچا دیا، حالانکہ شکیب نے 19ویں اوور میں صرف 10 رنز دے کر ولیمز کی وکٹ حاصل کی۔ آخری اوور میں ناگروا نے دو گیندوں میں 10 رنز جوڑے لیکن زمبابوے ہدف سے چار رنز کم رہ گیا۔اس جیت کے ساتھ ہی بنگلہ دیش گروپ ٹو پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر چلا گیا ہے جبکہ زمبابوے چوتھی پوزیشن پر ہے۔ زمبابوے کا اگلا مقابلہ بدھ کو نیدرلینڈ سے ہوگا جبکہ اسی دن بنگلہ دیش کا مقابلہ ہندوستان سے ہوگا۔

 

Related Articles