بمراہ نے سرجری کے بعد بحالی کا عمل شروع کردیا ہے

ممبئی، اپریل ۔ ہندوستان کے سرفہرست تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے نیوزی لینڈ میں کمر کی کامیاب سرجری کے بعد بنگلورو کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں بحالی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے ہفتہ کو کہا کہ بمراہ کو درد سے نجات ملی ہے اور ماہر ڈاکٹر نے انہیں چھ ہفتوں تک بحالی کے عمل سے گزرنے کا مشورہ دیا ہے۔شاہ نے کہاکہ “جسپریت بمراہ کی نیوزی لینڈ میں کمر کے نچلے حصے کی سرجری ہوئی جو کامیاب رہی اور وہ درد سے پاک ہیں۔ ماہر نے فاسٹ باؤلر کو مشورہ دیا کہ وہ سرجری کے چھ ہفتے بعد ری ہیب شروع کریں اور اسی کے مطابق بمراہ نے اپنی بحالی کا انتظام جمعہ سے بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں شروع کر دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بمراہ ستمبر 2022 کے آخر سے کرکٹ سے دور ہیں۔ انہوں نے رواں سال جنوری میں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز کے دوران پچ پر واپسی کی کوشش کی تھی لیکن کمر میں درد کی وجہ سے ایسا نہیں کر سکے۔ وہ پچھلے مہینے کمر کی سرجری کے لیے نیوزی لینڈ روانہ ہوئے تھے، جس کی وجہ سے وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2023 اور 7 جون کو آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل سے باہر ہو گئے تھے۔دریں اثنا، بی سی سی آئی نے مطلع کیا کہ مڈل آرڈر بلے باز شریاس ایر اگلے ہفتے کمر کی سرجری سے گزریں گے۔ اگر انگلینڈ میں سرجری کامیاب ہو جاتی ہے تو ایر دو ہفتوں تک ڈاکٹر کی نگرانی میں رہیں گے اور پھر بحالی کے لیے بنگلورو کے این سی اے میں چلے جائیں گے۔ایر گزشتہ دسمبر میں بنگلہ دیش کے دورے سے واپسی کے بعد سے کمر کے نچلے حصے میں اعصاب کی تکلیف میں مبتلا تھے۔ تقریباً چھ انجیکشن لگانے کے باوجود ایر کی تکلیف کم نہیں ہوئی جس کے بعد انہوں نے سرجری کرانے کا فیصلہ کیا۔

Related Articles