برطانیہ میں گرمی کی شدید لہر، درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ

یمرجنسی نافذ، 10 ڈاؤننگ میں کوبرا میٹنگ، ممکنہ حالات سے نمٹنے پر غور

لندن ،جولائی۔برطانیہ میں گرمی کی شدید لہرکے سبب پیر اور منگل کو درجہ حرارت 40سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے خدشہ کے پیش نظر نیشنل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ یہ اقدام محکمہ موسمیات کی طرف سے پہلی مرتبہ ریڈ وارننگ کے اجراءکے بعد عمل میں آیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت سے متاثرہ علاقوں میں لندن، مانچسٹر اور یارک کے علاقے شامل ہونگے اور ریڈ وارننگ کا مطلب ہے کہ لوگوں کی جان کو خطرہ لاحق ہے اور انہیں اپنی زندگی کا معمول تبدیل کرنا ہوگا۔ ٹرینوں اور انڈرگرائونڈ کی ممکنہ طور پر اسپیڈ کم کر دی جائے گی، بعض اسکولوں کو بند کیا جاسکتا ہے اور ہسپتالوں میں اپوائمنٹس بھی منسوخ کی جاسکتی ہیں۔ اسکول آنے والے بچوں سے کہا جا رہاہے کہ وہ انتہائی ہلکے یا پی ای والا یونیفارم پہن کر آئیں۔ شدید گرمی کے سبب روڈز کے پگھلنے کے خدشہ کے پیش نظر اس پر ’’گرئیر‘‘ ڈالا جائے گا۔ آر اے سی نے ڈرائیوروں کو انتباہ کیا ہے کہ شدید گرمی کے سبب گاڑیاں گرم ہو سکتی ہیں۔ لوگوں کو دریا اور نہر وغیرہ میں نہانے سے باز رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ جب ٹرانسپورٹ فار لندن نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ صرف ضروری کام کی صورت میں ہی سفر کریں۔ ٹی ایف ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر اینڈی لارڈ کا کہنا ہے کہ سفر کی صورت میں پہلے ٹرین کا وقت چیک کر لیا جائے اور سفر کے دوران لازمی طور پر پانی ساتھ رکھا جائے۔ یوکے ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی کی طرف سے ہیٹ لیول الرٹ فور کئے جانے کے بعد این ایچ ایس کے حکام نے جمعہ کی شام کہا کہ ایمبولینس کی طلب میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اور ایمبولینس کے ہسپتالوں کے باہر قطار کی صورت میں گرمی کے سبب مریض کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ انہوں نے ایمبولینس سروسز کو خط میں ہدایت کی ہے کہ ایمبولینس کو ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے باہر نصف گھنٹہ سے زیادہ انتظار نہیں کرنا چاہئے۔ ڈائوننگ میں ہفتہ کو بھی کوبرا میٹنگ منعقد ہوئی جس میں موسم کی صورت حال کے سبب پیدا ہونے والے ممکنہ حالات سے نمٹنے پر غور کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی سی ای او پینی اینڈزبی کا کہنا ہے کہ موسم کے حوالے سے انتہائی غیر معمولی صورت حال کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ گرمی کے حوالے سے انتباہ کو اس طرح سنجیدہ لیں جس طرح وہ برفباری یا ہوائوں کے حوالے سے ایمبر اور ریڈ وارنگز کو لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر برطانیہ میں دھوپ نکلنے کی صورت میں لوگ باہر نکل کر انجوائے کرنا پسند کرتے ہیں، لیکن یہ اس طرح کا نہیں بلکہ مختلف قسم کاموسم ہے۔ لوگوںکو پانی پیتے رہنے اور سورج سے بچنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔ لیبر پارٹی نے کوبرا میٹنگ میں وزیراعظم بورس جانسن کی عدم شرکت پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس مشکل وقت میں بورس جانسن لوگوں کیلئے آسانی پیدا نہیں کر سکتے تو وہ عہدہ چھوڑ دیں۔

Related Articles