بالی ووڈ ڈائری: کرن جوہر پر کنگنا کا طنز اور عالیہ کا سسرال جو ان کے پاپا کے گھر جیسا نہیں

لندن/ممبئی،جولائی۔’سرجیکل سٹرائیک یاد ہے آپ کو، گھر میں گھس کر مارا تھا۔‘ کرن جوہر کے شو ’کافی ود کرن‘ سیزن 7 شروع ہونے کے موقع پر کنگنا رناوت نے انسٹا گرام پر اِس شو کی اپنی ایک تصویر کے ساتھ کرن جوہر کو مبارکباد دیتے ہوئے یہ جملہ لکھا ہے۔کنگنا نے طنز کرتے ہوئے درحقیت کرن جوہر کو یہ یاد دلانے کی کوشش کی ہے کہ کس طرح انھوں نے کرن کو پریشان کرنے کی کوشش کی تھی۔کنگنا کا کہنا تھا کہ ان کی وجہ سے کرن کا شو ہٹ ہوا تھا۔ شو کے سیزن پانچ کی ایک قسط میں کنگنا نے کرن جوہر کو ’اقربا پروری کا سرغنہ‘ قرار دیتے ہوئے انھیں آڑے ہاتھوں لیا تھا جس کے بعد دونوں کے درمیان سوشل میڈیا پر کافی تلخ بحث ہوئی تھی۔رواں ہفتے شروع ہونے والے سیزن 7 سے پہلے این ڈی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کرن کا کہنا تھا کہ انھیں اقربا پروری کا جو خطاب ملا ہے اس کی وجہ سے وہ آج تک ٹرول ہوتے رہتے ہیں لیکن اب انھیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔کرن کا کہنا تھا ’میں خود ہی اپنے شو کو سنجیدگی سے نہیں لیتا آپ کیوں لے رہے ہو۔‘کرن کے اس شو کے پہلے مہمان رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ تھے۔ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کے فریدوں شہریار کے ساتھ کافی ود کرن کے سیٹ پر انٹرویو میں کرن نے کہا کہ ’لوگ کہتے ہیں کہ ان کے شو ’کافی ود کرن‘ کی وجہ سے یہ تنازع پیدا ہو گیا تھا تو اس کے لیے میرا یہ کہنا ہے کہ میں خود ہی اپنے شو کو سنجیدگی سے نہیں لیتا تو آپ کیوں لیتے ہو یہ محض ایک ٹاک شو ہے۔‘ڈزنی پلس ہاٹ سٹار پر آنے والا یہ شو 18 سال پہلے 16 اگست 2004 میں شروع ہوا تھا تاہم اس سے پہلے یہ شو سٹار ون اور سٹار ورلڈ پر نشر ہوا کرتا تھا۔کافی ود کرن کی اگلی قسط میں وکی کوشل اور سدھارتھ ملہوترہ نظر آئیں گے۔ پہلے شو میں عالیہ بھٹ نے اپنی شادی اور کپور خاندان کے بارے میں کْھل کر بات کی۔ عالیہ کا کہنا تھا کہ کپور خاندان کا ماحول ان کے گھر سے بالکل مختلف ہے وہاں سب ساتھ کھانا کھاتے ہیں، ساتھ پوجا کرتے ہیں اور انھیں یہ سب بہت اچھا لگتا ہے۔عالیہ کے شوہر رنبیر کپور بھلے ہی سوشل میڈیا پر نہ ہوں لیکن ان کے پاپا بننے کی خبر پھیلنے کے بعد سے ہی وہ بْری طرح ٹرول ہو رہے ہیں۔ حالانکہ بے شمار لوگوں نے ان کے پاپا بننے کی امید پر انھیں ڈھیر ساری مبارکباد دی تاہم کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو ان پر الزام لگا رہے ہیں کہ انھوں نے اس خبر کو اپنی فلم ’شمشیرا‘ کی پبلسٹی کے لیے استعمال کیا ہے۔رنبیر نے اِن الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کے لیے ان کی زندگی کی سب سے بڑی اور اچھی خبر تھی اس لیے وہ لوگوں کے ساتھ اس خوشی کو بانٹنا چاہتے تھے، اس کا ان کی فلم سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔خبر وں کے مطابق رنبیر کا کہنا تھا کہ ’باب بننے کی خبر سے میں بہت خوش ہوں، شکر گزار ہوں لیکن ساتھ ہی بہت نروس بھی ہوں کیونکہ مجھے خود سے اور اس رشتے سے بہت سی امیدیں ہیں اور میں اْن پر پورا اْترنا چاہتا ہوں۔‘کورونا کی وبا کے بعد فلموں کی رلیز اور انھیں دیکھنے کا طریقہ بدل گیا ہے۔ کووڈ کے سبب سنیما ہال بند ہوئے اور بہت ساری فلمیں براہِ راست او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر ریلیز ہونے لگیں لیکن جب سنیما ہالز کے دروازے دوبارہ کھولے گئے تو لوگوں میں یہ خیال عام تھا کہ اب سنیما ہالز میں فلم دیکھنے کا چلن پوری طرح واپس نہیں آ پائے گا۔اس ہی وجہ سے بہت سے فلسمازوں نے اپنی نئی فلم پہلے سنیما ہالز اور اس کے چار ہفتوں بعد او ٹی ٹی پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا۔لیکن گذشتہ چند مہینوں میں سنیما ہالز میں ہاؤس فل ہوئے اور بہت سی فلموں نے باکس آفس پر زبردست کمائی کی جس سے ثابت ہوا کہ یہ کاروبار دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہو رہا ہے۔اس کے نتیجے میں، مختلف سٹیک ہولڈرز نے سنیما گھروں میں ریلیز کے آٹھ ہفتے بعد ہی فلموں کو آن لائن ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مذکورہ قاعدہ یکم اگست سے نافذ العمل ہو گا۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ تمام فلمیں جو اگلے ماہ سے سینما گھروں میں ریلیز ہوں گی جیسا کہ ’رکشا بندھن‘، ’لال سنگھ چڈھا‘، ’ر‘، ’برہماسترا‘ وغیرہ وہ سنیما گھروں میں آٹھ ہفتے مکمل کرنے کے بعد او ٹی ٹی پر پریمیئر ہوں گی۔

Related Articles