ای ڈی نے ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی اور پرائمری بورڈ کے سابق صدر مانک بھٹاچاریہ کو طلب کیا

کلکتہ،جولائی۔ٹیچر تقرری گھوٹالہ میں مالی لین دین کی جانچ کررہی ای ڈی نے ریاستی بورڈ آف پرائمری ایجوکیشن کے سابق صدر اور پالشی پارہ سے ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی مانک بھٹاچاریہ کو طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہیں بدھ کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔سی بی آئی نے مانک بھٹا چاریہ کے گھر پر چھاپہ مارکر کئی اہم دستاویز برآمد کرچکی ہے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران کئی اہم دستاویزات برآمد ہوئے ہیں۔ اسی لیے مانک کو طلب کیا گیاہے۔مانک نے اسکول اساتذہ کی بھرتی میں بدعنوانی کے الزامات سے متعلق کیس میں اس ماہ کلکتہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق اپنی اور اپنے خاندان کے افراد کی جائیداد کا حساب کتاب جمع کرایا ہے۔دوسری طرف، ای ڈی کی ضبطی فہرست سے یہ اشارہ دیا گیا ہے کہ ایس ایس سی کے بعد اس بار ریاست کے سابق وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی کا نام ٹیچر اہلیتی ٹسٹ کرپشن’ میں پھنس سکتا ہے۔ ای ڈی ذرائع کے مطابق 2012 میں ٹی ای ٹی پاس کرنے والوں کی نظر ثانی شدہ فہرست وزیر کے گھر سے برآمد ہوئی ہے۔ ای ڈی نے پارتھو کے گھر کی ضبطی فہرست میں 15 نمبر پر اس کا ذکر کیا ہے۔ ایس ایس سی ٹیچر کی بھرتی سے متعلق دستاویزات بھی ملے ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وزیر کے گھر سے ایڈمٹ کارڈ، ٹرانسفر سے متعلق دستاویزات بھی برآمد ہوئے ہیں۔

Related Articles