ایک عورت کے تعلیم یافتہ ہونے سے پورا خاندان تعلیم یافتہ ہوتا ہے

’’تکنیکی شکشا وکاس ایوم جن کلیان سنستھان‘‘ کی جانب سے’ نئی روشنی‘ پروگرام کاانعقاد

لکھنو:دسمبر۔ راجدھانی لکھنؤ میں واقع’’ تکنیکی شکشا وکاس ایوم جن کلیان سنستھان کی جانب سے نئی روشنی (اقلیتی خواتین کی قیادت کافروغ) پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام دو مختلف ٹریننگ سینٹروں میں 25 مستفیدین کے دو بیچوں میں منعقد کیا گیا۔ پہلے ٹریننگ سینٹرکا افتتاح اترپریدیش مدرسہ تعلیمی بورڈکے سابق ممبر ضرغام الدین خان نے کیا اور دوسرے سینٹر کا افتتاح وقف وکاس نگم کے ڈائریکٹر شفاعت حسین نے کیا۔ اس موقع پر مستحقین میں ٹول کٹس بھی تقسیم کی گئیں۔ اس پروگرام میں ٹریننگ کرنے والی بچیوںکو 600 روپے کا اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔ اس پروگرام کا اہتمام حکومت ہند کی اقلیتی امور کی وزارت نے کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد خواتین میں لیڈر شپ کو فروغ دینا ہے۔اس موقع پر ماہرین نے ٹریننگ کرنے والی بچیوں کو اس بارے میں تفصیل سے نئی روشنی پروگرام کے بارے میں بتایا۔مسٹر شفاعت حسین نے بتایا کہ حکومت سب کی ترقی پر کام کر رہی ہے اور آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ اپنے خاندان اور سماج کی ترقی میں حصہ دار بنیں کیونکہ جب ایک عورت تعلیم یافتہ ہوتی ہے تو پورا خاندان تعلیم یافتہ ہوتا ہے۔
مدرسہ بورڈ کے سابق ممبرمسٹر ضرغام خان نے بتایا کہ عورتیں دین اسلام کاپاس ولحاظ رکھتے ہوئے سبھی کام انجام دے سکتی ہیں ،انہوں نے آنحضورکے دور اور پھر خلافت راشدہ کے وور میں خواتین کے کردار کا ذکرکرتے ہوئے انہیں رول ماڈل بتایا ۔مسٹرضرغام نے مرکزی حکومت کی اسکیم نئی روشنی سے خوب فائدہ اٹھانے پرزوردیتے ہوئے کہا کہ یہاں سے جو سیکھیں اسے دوسروں تک پہنچائیں تاکہ ایک اچھاسماج تیار ہو۔ آرگنائزیشن کے منیجر مسٹر محمد انیس نے کہا کہ سماج میں خواتین پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، وہ خاندان کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، ایسے میں حکومت کی یہ اسکیم خواتین کے لیے امرت کی طرح ہے۔ وہ عورتیں جو ناخواندہ ہیں، غلامی میں جکڑے ہونے کے باوجود ان کے آگے آنے سے ایک بہتر معاشرہ تعمیر ہوگا۔ پروگرام میں تنظیم کے ملازمین بھی موجود تھے۔

Related Articles