’اینٹی اوپن برننگ‘ مہم میں 30 جون تک توسیع: رائے

نئی دہلی، جون ۔ دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے کہا کہ سمر ایکشن پلان کے تحت شروع کی گئی ’اینٹی اوپن برننگ‘ مہم میں 30 جون تک توسیع کردی گئی ہے۔مسٹر گوپال رائے نے پیر کو یہاں ’اینٹی اوپن برننگ‘ مہم کے سلسلے میں مختلف متعلقہ محکموں کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی اور اس مہم کو 30 جون تک بڑھانے کی ہدایات جاری کیں۔ دہلی میں سمر ایکشن پلان کے تحت شروع کی گئی اینٹی اوپن برننگ مہم پہلے مرحلے میں 12 اپریل سے 12 مئی تک اور دوسرے مرحلے میں 13 مئی سے 13 جون تک چلائی گئی۔ اب تیسرے مرحلے میں اس مہم کو 30 جون تک جاری رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اینٹی اوپن برننگ مہم کے دوسرے مرحلے کی رپورٹ کے مطابق 10794 کچرے کو جلانے والے مقامات کا معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ چار افراد/ اداروں کو نوٹس اور تقریباً 55 ہزار جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سمر ایکشن پلان کے تحت شروع کی گئی ’اینٹی اوپن برننگ‘ مہم کے دوسرے مرحلے (13 مئی سے 13 جون) کا آج آخری دن ہے۔ اس دوسرے مرحلے کی رپورٹ محکمہ نے آج جاری کی ہے۔ رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے دہلی میں ’اینٹی اوپن برننگ‘ مہم کو 30 جون تک بڑھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہلی کے مختلف مقامات پر تعینات 10 محکموں کی 500 ٹیموں نے اینٹی اوپن برننگ مہم کے ایک حصے کے طور پر یہ معائنہ مکمل کیا ہے، جو دہلی میں کھلے عام جلانے کے واقعات کی 24 گھنٹے نگرانی اور روک تھام کے لیے فوری اقدامات کر رہی ہیں۔ جس کی رپورٹ محکمہ ماحولیات کو بھی وقتاً فوقتاً جاری کی جاتی رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایم سی ڈی کو لینڈ فل سائٹ پر آگ لگنے کے واقعات پر قابو پانے کے لیے نو نکاتی ایکشن پلان پر کام کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

 

Related Articles