ایم ایل اے شنکر نائیک کے خلاف نامناسب ریمارکس۔ وائی ایس شرمیلا گرفتار
حیدرآباد,فروری۔وائی ایس آرتلنگانہ پارٹی کی سربراہ وائی ایس شرمیلا کو تلنگانہ کی حکمران جماعت بی آرایس کے رکن اسمبلی شنکر نائیک کے خلاف نامناسب ریمارکس پر گرفتار کرلیاگیا۔رکن اسمبلی کے حامیوں اور بی آرایس کے کارکنوں نے ان کی محبوب آباد میں جاری یاترا کو روک دیاجس سے وہاں پر کشیدہ صورتحال پیدا ہو گئی۔ پولیس، شرمیلا کو گرفتارکرتے ہوئے پولیس اسٹیشن لے گئی۔بی آرایس لیڈروں نے شرمیلا کے خلاف پولیس سے شکایت کی جس کے بعد ایس سی، ایس ٹی انسداد مظالم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیاگیا۔پولیس نے ان کی یاتر ا کی اجازت بھی منسوخ کردی۔پولیس نے کہا کہ شرمیلا کو امن و سلامتی میں خلل ڈالنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔اسی دوران شرمیلاکے ان ریمارکس پر بی آرایس کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔ایم ایل اے شنکر نائیک کی بیوی سیتامہالکشمی نے اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا اورکہا کہ شرمیلا کو معذرت کرنی چاہئے۔ اس احتجاج میں بی آر ایس لیڈران اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے فلکسی بورڈس کو نذرآتش کردیاگیا۔ بی آر ایس لیڈروں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ شرمیلا اپنے ریمارکس واپس لیں۔ پولیس نے بی آر ایس لیڈروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا احتجاج فوری طور پر ختم کردیں۔