ایس پی کی نئی مجلس عاملہ کا اعلان،شیوپال کو ملا جنرل سکریٹری کا عہدہ
لکھنؤ:جنوری۔ سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے اتوار کو اپنی نئی مجلس عاملہ کا اعلان کیا ہے۔اس کے مطابق اکھلیش یادو بدستور صدر کے عہدے پر برقرار ہیں جبکہ ان کے چچا و ایم ایل اے شیوپال سنگھ یادو کو پارٹی میں نئی ذمہ داری جنرل سکریٹری کی دی گئی ہے۔نئی مجلس عاملہ کے اراکین کی فہرست،اور خصوصی مدعو اراکین کی فہرست پارٹی کی جانب سے ٹوئٹ کی گئی ہے۔قابل ذکر ہے کہ مین پوری ضمنی انتخابات میں بہو ڈمپل یادو کی حمایت میں انتخابی میدان میں اترنے کے بعد سے ہی قیاس لگائے جارہے تھے کہ شیوپال کو پارٹی میں کوئی بڑی ذمہ داری دی جائے گی۔شیوپال نے نہ صرف اپنے بھتیجے و ایس پی سربراہ اکھلیش یادو سے اپنی تلخیاں دور کیں بلکہ اپنی نئی تشکیل شدہ پارٹی پاگتی شیل سماج وادی پارٹی (لوہیا) کو ایس پی کے ساتھ ضم کردیا۔شیوپال نے اکھلیش کی بیوی ڈمپل یادو کے لئے پوری شدو مد کے ساتھ انتخابی مہم چلائی تھی جس کے نتیجے میں ڈمپل نے ریکارڈ ووٹوں سے جیت درج کی۔نئی مجلس عاملہ کے مطابق رام گوپال یادو چیف جنرل سکریٹری برقراررکھیں گے وہیں کرموئے نندا نائب صدر ہونگے۔معروف ناموںمیں محمد اعظم خان اور سوامی پرساد موریہ نیشنل جنرل سکریٹری ہونگے۔اندرجیت سروج اور لال جی ورما بھی نیشنل جنرل سکریٹری بنائے گئے ہیں۔پارٹی کے چیف ترجمان راجندر چودھری نیشنل سکریٹری کے عہدے پر برقرار رکھے گئے ہیں۔راجیہ سبھا ایم پی جیہ بچن کے ساتھ سابق وزیر رام گوند چودھری اور ایس پی مہاراشٹرا کائی کے صدر ابو عاصم اعظمی کو مجلس عاملہ کے رکن نامزد کئے گئے ہیں۔