ایس پی ایم ایل اے، ان کے بھائی نے کانپور کمشنریٹ میں خودسپردگی کی

کانپور، دسمبر۔ اتر پردیش کے کانپور میں سیساماؤ اسمبلی سے سماج وادی پارٹی کے ممبر اسمبلی اور ان کے بھائی کا پولیس کے ساتھ چھپ چھپانے کا کھیل آج ختم ہو گیا اور ایم ایل اے نے اپنے بھائی کے ساتھ کانپور کمشنریٹ پہنچ کر خودسپردگی کر دی۔ جس کے بعد پولیس نے ایم ایل اے اور ان کے بھائی کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق کانپور کی سیساماؤ اسمبلی سیٹ سے مفرور ایس پی ایم ایل اے عرفان سولنکی اور ان کے بھائی رضوان سولنکی نے کانپور کمشنریٹ پہنچ کر خودسپردگی کر دی ہے۔ خودسپردگی کرتے وقت ایم ایل اے عرفان سولنکی کے ساتھ ان کا پورا کنبہ موجود تھا وہیں سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے حسن رومی اور امیتابھ باجپائی بھی موجود تھے۔ جس کے بعد خودسپردگی کا عمل مکمل کرتے ہوئے پولیس نے ایم ایل اے سولنکی اور ان کے بھائی رضوان کو گرفتار کرلیا۔ واضح رہے کہ ایس پی ایم ایل اے سولنکی اور ان کے بھائی رضوان گزشتہ ماہ سے فرار تھے جب پولیس نے ان کے خلاف زمین کے تنازعہ میں ایک خاتون کو ہراساں کرنے اور اس کے گھر کو آگ لگانے کا مقدمہ درج کیا تھا۔پولیس کی متعدد ٹیمیں مسلسل چھاپے مار رہی تھیں۔ پولیس کی معلومات کے مطابق ایس پی ایم ایل اے سولنکی، جو مفرور تھے، کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے پولیس ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی تھی۔

Related Articles